• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللّٰہ اور شہزادی رجوہ کی شادی ہوگئی


اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللّٰہ اور شہزادی رجوہ خالد السیف کی شادی ہوگئی۔

شادی کی تقریب قصر زہران میں منعقد ہوئی۔ شہزادی رجوہ خالد، شہزادہ ہاشم بن عبداللّٰہ دوم اور شہزادی سلمیٰ بنت عبداللّٰہ دوم کے ساتھ محل آئیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شادی کے بعد رجوہ السیف اردن کی شہزادی بن گئی ہیں اور جب ولی عہد تخت سنبھالیں گے تو وہ ملکہ رجوہ ہوں گی۔

اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم اور ملکہ رانیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

شاہ عبداللّٰہ نے ولی عہد حسین بن عبداللّٰہ کو انصاف اور ملک کے دفاع کی نشانی کے طور پر تحفتاً ایک تلوار پیش کی۔

شاہی جوڑے کی شادی میں امریکی خاتون اول جل بائیڈن اور نیدرلینڈ کے بادشاہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں 3 ہزار مہمان موجود ہیں، سوئیڈن کی شہزادی وکٹوریا اور جاپان کی شہزادی تاکاماڈو نے بھی شرکت کی۔

نوبیاہتا جوڑا تقریب ختم ہونے کے بعد ملکہ ایلزبتھ دوم کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ 1984 ماڈل کی رینج روور گاڑی میں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا، یہ گاڑی ملکہ ایلزبتھ کے دورہ اردن کیلئے بنوائی گئی تھی۔

اس سے قبل شاہی محل میں ولی عہد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روایتی رقص کیا، مقبول بینڈز کی پرفارمنس نے تقریب میں چار چاند لگا دیے۔

مہندی کی تقریب میں بھی دلہن اور رشتے داروں نے روایتی رقص کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید