• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی اِنٹرنس کو خوبصورتی سے کیسے ڈیزائن کیا جائے؟

گھر کے بیرونی حصے کا خوبصورت ہونا ضروری ہے، کیوں کہ یہ مہمانوں سے آپ کا پہلا تعارف ہوتا ہے۔ آپ کے گھر کی انٹرنس مہمانوں کو آپ کی شخصیت کا پہلا تاثر دیتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ یہ جگہ آپ کے اعلیٰ ذوق کے مطابق ہو۔ آپ کے گھر کا داخلی راستہ اس کے جمالیات اور ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ گھر کی اندرونی و بیرونی سجاوٹ کے بارے میں سوچیں۔ داخلہ صاف ستھرا اور خوشگوار ہونا چاہیے۔ یہ مہمانوں کا استقبال کرے، گھر کے ڈیزائن اور سجاوٹ کا مظہر ہو اور صفائی اور تنظیم کی مثال پیش کرے۔ 

مزید برآں، اسے روشن اور اپنائیت بھرا ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ آپ کو حفاظت اور پرائیویسی کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ اسی لیے ہم آج آپ کے لیے لائے ہیں، ایسے انداز جن کی مدد سے آپ بھی اپنے گھر کی انٹرنس کو بہت خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ گھر کی انٹرنس کی بات کریں تو ہم اس کو تین حصوں میں تقسیم کرسکتے ہیں۔ ایک آپ کے گھر کا بیرونی حصہ، دوسرا مرکزی داخلہ گیٹ اور تیسرا داخلی گیٹ سے گھر کے اندر جانے کے لیے آپ کے گھر کا ہال وے (راہداری)۔

گھر کا بیرونی حصہ

پہلا قدم گھر کے بیرونی حصے کا انداز منتخب کرنا ہوتا ہے اور بہتر یہ ہوتا ہے کہ وہ آپ کے ذہن میں موجود اپنے گھر کے مجموعی خاکے سے ملتا جلتا ہو۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی یا گھریلو انداز میں سے کون سا انداز اپنانا چاہتے ہیں تو اس کے بعد باری آتی ہے مواد کے انتخاب کی۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے متبادل موجود ہیں، جن میں سے آپ ایک یا زائد چن سکتے ہیں۔ ہر ایک ہی دیکھنے میں دوسرے سے مختلف لگےگا اور ہر ایک کی آپ کے گھر کو فراہم کردہ حفاظت اور پرائیویسی میں بھی فرق ہو گا۔

بیرونی حصے میں پودے 

گھر کے بیرونی حصے میں ایک باغ بنانا اسے مزید پرکشش بنانے کا ایک آسان اور شاندار طریقہ ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو اس میں کچھ قدرتی تحفے شامل کرنا نہ بھولیں، جو ہر آنے جانے والے کو خوش آمدید کہیں گے۔ آپ کسی باغبان یا پیشہ ور سے رابطہ کر کے یہ جان سکتے ہیں کہ آپ کے گھر کے لیے بہترین پودے کون سے ہیں۔ اس سلسلے میں سورج کی روشنی کو دھیان میں رکھیں اور اگر آپ باغبانی سے زیادہ شغف نہیں رکھتے تو ایسے پودے چنیں جنہیں زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت نہ ہو۔ آپ پودوں کے لیے مختص کردہ جگہ پر گملے بھی رکھ سکتے ہیں یا اگر آپ کچھ اِس سے بھی آسان چاہتے ہیں تو کچھ رنگ برنگے گملے منتخب کریں تا کہ آپ مختلف اقسام کے پودوں کو مختلف بناوٹ دے سکیں۔

مرکزی داخلہ گیٹ

دروازوں کے لیے لکڑی کا استعمال ہر دور میں مقبول رہا ہے۔ آ ج کے جدید دور میں بھی لکڑی کے دروازوں کو بہت پسند کیا جاتاہے۔ دروازے کے ساتھ شیشے کی کالمی آرائش اس کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنتی ہے۔ بیرونی دروازے کے ساتھ پھولوں اور پودوں کا استعمال ایک خوش کُن اضافہ ہوتاہے۔ مرکزی داخلہ گیٹ کو آپ 100فیصد روایتی لکڑی کے ساتھ بھی بنا سکتےہیں، جس میں پرائیویسی اور حفاظت کو زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ جبکہ کچھ لوگ لوہے کا گیٹ بھی منتخب کرتے ہیں۔

ہال وے یا راہداری

خاندان کو دھیان میں رکھیں: اگر آپ کے گھر میں زیادہ لوگ رہتے ہیں تو آپ کو راہداری میں اچھا خاصا سامان رکھنے کی جگہ چاہیے، تا کہ اِس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ آپ کے گھر سے باہر پہننے کے سارے کپڑے ترتیب سے اور بکھرنے کے بجائے صفائی سے رکھے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ راہداری میں خوبصورت بینچ رکھ سکتے ہیں، جس کے نیچے خفیہ الماریاں بھی ہوں۔

فرش چمکا دیں: کیوں نہ آپ ایک آرٹسٹک راہداری کے لیے چمکدار فرش کا انتخاب کریں، جہاں دیواریں اور باقی رنگ بہت سادہ اور درمیانی ہوں۔ آپ کے مہمان اِس چمکیلے فرش پر توجہ دیئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ یہ چھوٹی جگہ میں استعمال کرنے کے لیے بھی بہترین ہیں، کیوں کہ اِس طرح لوگ آپ کے فرش میں اتنا کھو جائیں گے کہ وہ جگہ کی کمی محسوس ہی نہ کر پائیں گے۔

کچھ روشنی اور ہریالی لائیں

اِنڈور پودوں سے زیادہ کوئی بھی چیز کسی راہ داری کو نہیں سنوار سکتی، اس لیے راہداری میں خوبصورت پودے رکھنا مت بھولیں۔ ساتھ ہی اگر شیشے کے دروازوں کے ذریعے، راہداری میں اگر قدرتی روشنی کا انتظام ہوجائے تو سونے پہ سہاگہ والی بات ہوگی۔