• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وعدوں پر عملدرآمد میں وفاق کی سردمہری باعث تشویش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

عبدالقدوس بزنجو - فوٹو: فائل
عبدالقدوس بزنجو - فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وعدوں پر عمل درآمد میں وفاقی حکومت کی سردمہری باعث تشویش ہے۔

کوئٹہ سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاق کا یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وفاقی حکومت وعدے پورے کرنے میں سنجیدہ نہیں تو بلوچستان این ایف سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی تجویز کردہ اسکیموں کو وفاقی پی ایس ڈی پی کا حصہ نہیں بنایا گیا. سی پیک میں شامل منصوبوں کے ٹینڈر ہونے کے باوجود بھی فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کےلیے 10 ارب روپے میں سے ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا، وزیراعظم متعدد درخواستوں کے باوجود ملاقات کا وقت نہیں دے رہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق نئے این ایف سی کا اجراء بھی عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ ہم وفاق میں حکومت کے اہم اتحادی ہیں، تاحال وعدے پورے نہیں کیے گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ ہم آئندہ مالی سال کےلیے ایک متوازن بجٹ بنانے کے قابل بھی نہیں ہیں، وفاق کے تعاون کے بغیر بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاقی بجٹ کی تیاری تکمیل کے مراحل میں ہے، صوبے کی پسماندگی میں مزید اضافہ ہرگز ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ صرف زبانی کلامی باتوں اور نعروں سے ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔

قومی خبریں سے مزید