کہتے ہیں کہ باورچی خانہ گھر کا دل ہوتا ہے، لیکن دنیا بھر کے سرکردہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کے ایک حالیہ سروے کے مطابق، یہ اب گھر کے اندر سے باہر کی طرف آرہا ہے۔ بین الاقوامی ریئل اسٹیٹ ایجنٹ پول 2023ء میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال سب سے زیادہ مطلوب گھریلو سہولت ایک بیرونی باورچی خانہ ہے۔
باورچی خانہ کے حوالے سے بدلتے رجحانات کا اندازہ 2022ء میں فوربز گلوبل پراپرٹیز کے13ہزار بین الاقوامی لگژری ریئل اسٹیٹ ایجنٹوں کی اسٹڈی میں بھی ہوتاہے۔ اگرچہ دولت مند خریداروں کے ذوق مسلسل بدلتے رہتے ہیں، بیرونی جگہ، طرزِ زندگی کی سہولیات سے قربت اور نجی پول سب سے زیادہ مطلوب خصوصیات میں شامل ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ کون سی لگژری ہوم سہولیات سرفہرست ہیں۔
آؤٹ ڈور کچن
اینٹوں کے پیزا اوون سے لے کر باربی کیو کے لیے گڑھے اور مکمل طور پر ال فریسکو شیف کچن تک، آؤٹ ڈور کچن ایک پائیدار رجحان ہے جو گزشتہ چند برسوں میں بڑھا ہے۔ باورچی خانہ اکثر گھر کے مرکزی اجتماع کی جگہ کے طور پر کام کرتا ہے، جسے گھر کے بیرونی حصے میں رکھنے سے رہائشیوں کو دوسری عام لگژری سہولیات جیسے پول، سن ڈیک اور سپا جیسی سہولیات میسر ہوجاتی ہیں اور غیرمعمولی خوش نصیبوں کو ایک ہی جگہ پر تینوں سہولیات میسر آجاتی ہیں۔
کووِڈ کے زمانے میں گھر پر رہنے کے احکامات کی وجہ سے، بیرونی کچن کی مقبولیت جزوی طور پر کھلی فضا میں رہنے کی ضرورت سے بڑھی اور پوری دنیا میں پھیل گئی۔ دنیا کے خوبصورت ترین حصوں میں بیرونی کچن والے پرتعیش گھر کے مالکان سمندروں، پہاڑوں یا شہر کے مناظر کے شاندار نظارے لیتے ہوئے کھانا پکا اور کھا سکتے ہیں۔
انڈور / آؤٹ ڈور پول
اعلیٰ عیش و آرام کی سہولیات کی فہرستوں پر ایک باقاعدہ پول طویل عرصے سے حیثیت اور دولت کی علامت رہا ہے۔ وہ خطے جہاں موسم انتہائی گرم رہتا ہے، آپ کو ایک بھی ایسا لگژری نیا تعمیرشدہ گھر نہیں ملے گا، جس میں پول شامل نہ ہو۔ جیسے جیسے پول کا رجحان زور پکڑ رہا ہے، لگژری گھروں کے پول بھی کچھ مختلف اور ہٹ کر ڈیزائن اور تعمیر کیے جارہے ہیں۔
نئے لگژری پول کے ڈیزائن میں ملٹی ٹیرئنگ ایک نیا اضافہ ہے، جب کہ پوشیدہ Grotto اور سن شیلفز بھی شامل کیے جارہے ہیں۔ روایتی تالاب کے دیگر مقبول تغیرات میں نمکین پانی اور جیٹ اسٹریم پول شامل ہیں۔ سرد موسمی خطوں میں پرتعیش گھریلو خریداروں کے لیے، انڈور پول بھی ایک مقبول سہولت ہے، جن میں سال بھر تیراکی کی جاسکتی ہے۔ انتہائی پرتعیش گھروں میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور، دونوں تالاب ہوسکتے ہیں۔
سپا
سپا، ایک اور دیرینہ سہولت، جو نہ صرف گھر کے اسراف بلکہ طرزِ زندگی کو نمایاں کرتا ہے۔ جیسا کہ تندرستی اور خود کی دیکھ بھال کو ترجیح دی جارہی ہے، اسی طرح لگژری گھروں میں بھی سپا ایک ضروری سہولت بنتا جارہا ہے۔ سپا، اکثر گھر کے سب سے اہم باتھ روم میں پائے جاتے ہیں، جن میں نہانے والے ٹب، اسٹیم شاور یا ال فریسکو غسل کے لیے حرکت پذیر دیواریں شامل ہو سکتی ہیں۔ دیگر مشہور سپا سہولیات میں کولڈ پلنج، ٹیننگ بیڈ اور Sauna شامل ہیں۔ خواہ یہ مساج روم والی پراپرٹی ہو یا سوئم سپا والی پراپرٹی، سپا کی سہولیات پر مشتمل پراپرٹی یقینی طور پر صاحبِ حیثیت خریداروں کی توجہ حاصل کر لے گی۔
فٹنس سینٹر
کووِڈ کے بعد کی دنیا میں لوگ جس طرح اپنی صحت کے بارے میں زیادہ فکرمند ہوگئے ہیں، اس کے پیشِ نظر لگژری گھروں میں فٹنس سینٹر کی سہولت ایک بہت بڑا پلس پوائنٹ ہے۔ آؤٹ ڈور کچن کی طرح، گھروں میں جم کا ہونا ان کی قدر و قیمت میں اضافہ کردیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نئے تعمیراتی منصوبوں میں ہوم جم کا رجحان تیزی سے عام ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ، نئے ہائی ٹیک آلات پہلے سے کہیں زیادہ آسانی سے دستیاب ہیں، جن میں بہت سی ورچوئل ٹریننگ کی خصوصیات ہیں تاکہ آپ گھر سے باہر نکلے بغیر پیشہ ورانہ ورزش سے استفادہ کرسکیں۔
ثقافتی مقامات سے قربت
کبھی کبھی، کسی گھر کی بہترین خصوصیت اس کے اندر بالکل نہیں مل سکتی، بلکہ، اس کے آس پاس موجود چیزوں میں ہوتی ہے۔ ان میں کنسرٹ ہال، وسیع کمیونٹی پارک یا مشہور ریستوران اور ثقافتی مقامات کے قریب ہونا اہم خصوصیات میں شامل ہے، جو ایک اچھے گھر کو عظیم گھر بنا دیتی ہیں۔ نیو یارک اور لاس اینجلس جیسے بڑے شہروں میں ایسے گھر، اس طرح کے دیگر گھروں کے مقابلے میں دُگنی قیمت کے حامل ہوتے ہیں۔ ہمارے یہاں بھی جب لوگ اپنے لیے نیا مکان یا اپارٹمنٹ خریدتے ہیں تو وہ ان جیسی کئی خصوصیات کو مدِنظر رکھتے ہیں اور اس کے لیے اضافی قیمت بخوشی ادا کرتے ہیں۔