• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

  سکھر، سستے بازار نہ ہونے سے عوام اشیائے خوردو نوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

سکھر(بیور ورپورٹ)رمضان المبارک کا نصف مہینہ گذرجانے کے باوجود سرکاری سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تاحال کوئی بھی سستا بازار یا سستی اشیاء کے اسٹال نہیں لگائے گئے جس کے باعث عوام اشیاء خوردونوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں، انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کی روک تھام اور سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے بلند وبانگ دعوے کئے گئے لیکن عملی طور پر اقدامات نہ ہونے کے باعث ناجائز منافع خوروں کی اکثریت سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہیں کررہی، عوام کی مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے گذشتہ سال کی طر ح اس سال بھی سکھر ڈیولپمنٹ الائنس اور سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن نے صرافہ بازار میں اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضرورت کا ایک بڑا اسٹال قائم کیا ہے جہاں اشیاء مارکیٹ سے 20سے 25فیصد رعایت میں فروخت کی جارہیں۔ حاجی جاوید میمن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکھر ڈیولپمنٹ الائنس اور سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے ہر سال رمضان المبارک کے موقع پر سستی اشیاء کا ایک بڑا اسٹال صرافہ بازا رمیں منعقد کیا جاتا ہے جس میں تاجراور ایس ڈی اے کے رہنما رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اور اشیاء خوردونوش کی کم نرخوں پر فروخت کو یقینی بناتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہر سال ضلع انتظامیہ کی جانب سے رمضان میں سستا بازار لگائے جانے ، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے سلسلے میں اجلاس بھی طلب کئے جاتے ہیں اور عوام کو یہ نوید بھی سنائی جاتی ہے کہ رمضان المبارک میں سستی اشیاء کے اسٹال لگائے جائیں گے ، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن عملی طور پر اقدامات نہ ہونے کے باعث رمضان المبارک کے اس پورے مہینے میں عوام مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ،ا گر سرکاری سطح پر شہر کے چار سے پانچ مقامات پر سستی اشیاء کے اسٹال لگائے جائیں تو شہر سمیت ضلع بھر کے عوام کو اس سے ریلیف ملے گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر اس جانب توجہ دے، زیادہ سے زیادہ سستے بازاروں کا انعقاد کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین