صحن جسے ہوم ڈیزائننگ کی زبان میں پیٹیو (Patio)کہا جاتا ہے، کسی بھی گھر کے اہم فیچرز میں سے ایک ہوتا ہے۔ یہ گھر کی خوبصورتی میں تو کردار ادا کرتا ہی ہے لیکن اس سے بڑھ کر بھی اس کا ایک کردار ہے۔ وہی صحن جہاں سردیوں میں صبح کے وقت بیٹھ کر دھوپ سینکی جاتی ہے تو کئی علاقوں میں گرمیوں کی راتوں میں چار پائیاں بچھا کر آرام بھی کرتے ہیں۔
گھر کا ہر حصہ صحن سے ہو کر گزرتا ہے تو کیا یہ انصاف کی بات ہے کہ جب گھر سجانے کی بات آئے تو صحن کو یکسر نظر انداز کر دیا جائے؟ ہم جانتے ہیں کہ آپ صحن کی باقاعدگی سے صفائی کرتے ہیں مگر یقین رکھیں کہ گھر والوں کے مزاج کو خوشگوار بنانے کے لیے اس کی سجاوٹ بھی اتنی ہی اہم ہے۔ سبزے کا کردار صحن کی خوب صورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔
سبزہ، صحن کو قدرتی حسن بخشتا ہے۔ صحن یا تو بہت اچھے ہو سکتے ہیں یا بہت برُے۔ انہیں ٹھیک سے سجا لیں تو یہ آپ کے گھر میں لطف اُٹھانے کے لیے قیمتی سماجی جگہیں بن جائیں گے۔ لیکن اگر آپ نے انہیں ایسے ہی چھوڑ دیا تو تاثر کچھ زیادہ اچھا نہیں جائے گا۔ بہت سے لوگ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو بہتر اور جدید بنانے کے خواب دیکھتے رہتے ہیں اور زیادہ تر ان خوابوں میں ایک خوبصورت صحن کا اضافہ شامل ہوتا ہے۔ یہ یقینی طور پر ہلا گلا کرنے اور ملنے جلنے کے لیے شاندار جگہ ہوتی ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی قدروقیمت بھی بڑھاتا ہے۔
سبزہ زار
اگر آپ مکان میں رہتے ہیں اور آپ کے گھر میں سبزہ زار نہیں ہے تو یہ بہت بڑی زیادتی والی بات ہے۔ پودے، درخت اور مجموعی سبزہ زار صرف گھر کی خوب صورتی کے لیے ہی نہیں ہوتا، بلکہ ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتے عالمی درجہ حرارت کے باعث ان کی موجودگی ضروری ہے۔ لہٰذا، اس بات کا تہیہ کرلیں کہ آپ جب بھی نئی تعمیر یا تزئین و آرائش کا کام کریں گے، سبزے کو بنیادی اہم دیں گے۔ سبزے میں ہی آپ کی زندگی ہے اور سبزے سے ہی زندگی کا حسن ہے۔ صحن کو پودوں اور پھولوں سے سجانے کے بہت سارے طریقے ہیں۔
صحن کی سجاوٹ میں پودوں اور پھولوں کا استعمال اس کے ڈیزائن میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ انہیں رنگ برنگے گملوں میں لگا کر اپنے صحن کی دیواروں کے ساتھ لٹکا سکتے ہیں یا صحن کے فرش پر بھی رکھ سکتے ہیں۔ پودوں کی ایسی اقسام کا انتخاب کریں، جن کی دیکھ بھال آسان اور موسمی حالات سے موافق ہوں۔ سبزہ زار موسمِ گرما کو آپ کے لیے اچھا خاصا خوشگوار بنا سکتا ہے۔
صحن کا ڈیزائن
صحن چھوٹا ہو یا بڑا، اس کا سائز آپ کے ذوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ آپ چھوٹے صحن کوبھی دلکش بناسکتے ہیں اور اپنے گھر کی خصوصیت برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اپنے ذوق کے عملی نمونے اور اسٹائل کے لیے سب سے بہترین چیز اس میں استعمال ہونے والی اشیا جیسے فرنیچر کا انتخاب ہے۔ آرام دہ کرسیاں اور سادہ فرنیچر صحن میں آپ کی بیٹھک کو خوب صورت بنا سکتا ہے۔
گھر تعمیر کرتے وقت اکثر لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ محدود رقبہ کے باعث کمروں کو بڑے سے بڑا رکھا جائے، جس کے باعث صحن کے لیے محدود سی جگہ باقی رہ جاتی ہے۔ اگر آپ کا صحن چھوٹا ہے تو کوئی بات نہیں، آپ صحن کی جگہ کو استعمال کرتے وقت اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس کے ہر ایک انچ کو مؤثر استعمال میں لاسکتے ہیں۔ ہم کسی بھی چیز کو کم یا زیادہ کرنے کا خطرہ نہیں مول لے سکتے۔ فرنیچر کو اچھی طرح لگائیں اور مختلف قسم کے سامان اور رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اس کی خوب صورتی میں اضافہ کریں۔ تصور کریں کہ سامنے دیوار کے ساتھ اور دیوار پر لگے پودے، لکڑی کی کرسیاں اور میچنگ تختے، منظر کتنا دلکش محسوس ہوگا۔
زین
جاپان میں صحن کا باغیچہ بنانے کے لیے جو طریقہ استعمال ہوتا ہے اسے ’زین‘ کہتے ہیں، اس قسم کے صحن کے باغیچے اپنے انداز کا اچھوتا نمونہ ہیں۔ اس باغیچہ میں استعمال ہونے والی اشیا کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے صحن کو منفرد بنا سکتے ہیں۔ اس کا پورا فائدہ اُٹھانے کے لیے روشنیوں کا انتظام کرنا مت بھولیں، گرمیوں کی راتوں میں آپ یہاں راحت محسوس کریں گے۔
کم خرچ آرائش
لکڑی کے بنے گملوں میں جنگلی پھولوں کے بیج لگائیں اور پھر انھیں پھلنے پھولنے دیں۔ لکڑی کی کرسیاں اور تختےرکھیں اور درمیان میں سادہ مگر دلکش میز۔ قدرتی خوبصورتی کا اس سے بہتر نظارہ تخلیق کرنا شاید ہی ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ، صحن میں لگانے کے لیے سب سے بہترین چیز قدرتی پتھر ہے۔ آپ کو یہ مختلف شکلوں اور سائز میں مل جائے گا۔ حتیٰ کہ رنگ بھی آپ اپنی مرضی کے چُن سکتے ہیں۔ آپ اپنی مرضی کے امتزاج بھی تیار کر سکتے ہیں۔ یہ وہ مواد ہے جو قدرتی طور پر کافی بھاری ہوتا ہے، اس لیے آپ کو اس کو لگانے کے لیے کسی کی مدد درکار ہوگی۔
موسمِ گرمامیں آجکل لوگ گرمی سے بچنے کے لیے اپنے ایئرکنڈیشنر والے بند کمروں میں رہنا پسند کرتے ہیں، تاہم صحن پر تھوڑا سا کام کرکے اسے شام اور رات میں بیٹھنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں فطرت سے قریب ماحول آپ کی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گا اور آپ خود کو تروتازہ محسوس کریں گے۔