محمد احسن
پیارے بچو! گزشتہ چند صدیوں کے دوران دنیا میں لاتعداد دریافتیں اور ایجادات وجود میں آچکی ہیں، جنہوں نے نہ صرف ہمارے معیارِ زندگی کو بلند کیا بلکہ ہمیں اپنے اردگرد موجود دنیا کو سمجھنے میں مدد بھی فراہم کی۔ یوں تو ان ایجادات اور دریافتوں کی اہمیت کے اعتبار سے درجہ بندی انتہائی مشکل کام ہے لیکن پھر بھی ہم یہاں چند ایسی ایجادات اور دریافت کا ذکر کر رہے ہیں جنہیں انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ایجادات و دریافت قرار دیا جاسکتا ہے۔
پینسلین
یہ دنیا کی سب سے پہلی اینٹی بائیوٹک ہے جسے 1928 میں الیگزینڈر فلیمنگ نے دریافت کیا۔ اگر یہ دوا نہ ہوتی تو آج بھی لوگ کئی بیماریوں کے ہاتھوں ہلاک ہورہے ہوتے، جن میں معدے کا السر، دانتوں کی بیماریاں اور گلے کے انفیکشن بھی شامل ہیں۔
مکینیکل گھڑی
دنیا کی سب سے پہلی مکینیکل گھڑی ایک چینی راہب اور ریاضی دان I-Hsing نے 723 عیسوی میں ایجاد کی- اور اسی کی بدولت آپ درست وقت کا تعین کر پاتے ہیں۔
کششِ ثقل
اس کی دریافت مشہور ریاضی داں اور ماہر طبعیات آئزک نیوٹن نے اس وقت کی جب 1664 میں ایک درخت کے نیچے بیٹھے ان کے سر پر سیب آگرا اور اس وقت انہوں نے وضاحت کی چیزیں اوپر سے نیچے کی جانب کیوں آتی ہیں۔