سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے حج کی تیاری کیلئے پریڈ کا انعقاد کیا۔
یہ پریڈ مکہ میں منعقد کی گئی، لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی پریڈ میں خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، پریڈ کے دوران فوجی دستوں نے نماز بھی ادا کی۔
اس موقع پر شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے قد آور بینر بھی آویزاں کیے گئے۔
پریڈ کا معائنہ کرنے کیلئے سعودی عرب کے وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود اور سینئر سیکیورٹی کمانڈرز بھی موجود تھے۔
اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے اسلحہ سمیت عمارت سے نیچے اترنے کا مظاہرہ کیا۔
چیف آف جنرل ڈائریکٹوریٹ فار پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد علی بسامی حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز حج سے متعلقہ سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مکہ، مقدس مقامات، مدینہ اور دیگر سڑکوں پر سیکیورٹی مشق کی ہے۔
حج کے موقع پر سیکیورٹی مقاصد کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور دیگر ڈیجیٹل ایپس کو بھی استعمال کیا جائے گا۔