• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

فٹبال، پاکستان کی مسلسل ناقص کارکردگی کا ذمے دار کون؟

پاکستان فٹبال پر عائد پابندیوں کے بعد ملک میں اس کھیل کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے وہ افسوس ناک ہے، اب تو حکومت نے بھی پاکستان میں فٹبال کو دیکھنے والی فیفا کمیٹی کی کار کردگی پر سوال اٹھادیا،اور فیفا کو لکھے گئے خط میں کمیٹی کی کار کردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے، حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی عالمی مقابلوں میں شرکت اور اس کے نتائج نے پول کھول دئیے ہیں، ان ناکامیوں کے ذمے داروں کا احتساب کون کرے گا یہ بھی بڑا سوال ہے، پاکستان کو ساف فٹ بال چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف توقع کے مطابق شکست کا سامنا رہا۔ 

بھارت نے اس میچ میں چار صفر کی کامیابی حاصل کی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے چند گھنٹے قبل بنگلور پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کا کچھ خیال کیا اور چار سے پانچ گول جو مزید ہوسکتے تھے ان کا اوپن چانس مس کیا۔ بنگلور میں ہونے والے میچ میں بھارتی کھلاڑی سنیل چھیتری نے پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ قومی ٹیم اب اپنا ا گلا میچ کویت کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان فٹبال ٹیم بھارتی ویزے تاخیر سے ملنے کے باعث بروقت بنگلورو نہیں پہنچ سکی۔

قومی ٹیم جسے ساف چیمپئن شپ کے شیڈول کے مطابق اتوار کو بنگلور پہنچنا تھا لیکن ویزوں میں تاخیر کے باعث منگل کی شام ماریشیس سے روانہ ہوئی ، بدھ کی صبح بنگلور پہنچی، چند گھنٹوں بعد ہی بھارت کے خلاف اہم میچ کیلئے میدان میں اتری۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ویزے ملنے میں تاخیر اور دیگر مسائل کے باعث ساف چیمئن شپ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ ایونٹ میں بدھ کو ہونے والا پاک بھارت میچ ری شیڈول کردیا جائے تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ساف انتظامیہ نےمیچ ری شیڈول کرنے سے معذرت کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک میچ ری شیڈول کرنے کی وجہ سے پورے ٹورنامنٹ کا پروگرام تبدیل ہوجائے گا۔ 

پاکستانی ٹیم ماریشیس میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں تینوں میچوں میں شکست کے بعد ساف چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی شکست شکست کے بھنور سے باہر نہیں آئی۔ میچ کے دوران بھارتی کوچ کو نامناسب رویہ اختیار کرنے پر ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر بینچ سے ہٹا دیا۔21 جون سے شروع ہونے والی ساف چیمپئن شپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی کویتی ٹیم نے نیپال کو 3-1سے ہرایا اور دفاعی چیمپئن بھارت نے پاکستان کو 0-4 سے زیر کرکے اپنا کامیاب کھاتہ کھولا۔ سری کانتی راوا اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے میچ میں بھارتی ٹیم ابتداء سے ہی میچ میں چھائی رہی۔

10ویں منٹ میں گول کیپر ثاقب حنیف کی غلطی کا بھارتی کپتان نےبھرپور فائدہ اٹھایااور گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ اس کے صرف چھ منٹ بعد ہی پاکستانی کھلاڑی کی بڑی غلطی کی وجہ سے بھارت کو پنالٹی کک ملی۔ اس بار بھی سنیل چھیتری نے گیند کو جال میں پھینک کر اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کیا ۔پہلے ہاف کے اختتام سے قبل سائیڈ لائن پر بھارتی کوچ نے پاکستانی کھلاڑی کو گیند تھرو کرنے سے روکا جس کی پاداش میں انہیں ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا دیااور بینچ سے جانے کا حکم دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی بھارتی ٹیم نے مخالف پر دبائو برقرار رکھا۔ 

74ویں منٹ میں اسے ایک اورپنالٹی کک ملی جس پر سنیل چھتری نے ٹیم اور اپنا تیسرا گول بناکر ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ 81 ویں منٹ میں اودانتا سنگھ نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو چار صفر کی فتح دلوادی۔ قومی ٹیم عالمی مقابلوں میں تو مسلسل شکست کھا رہی ہے لیکن ملک میں ہونے والے مقابلوں میں مراعات اور نوکریوں سے محروم کھلاڑی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے اپنے اپنے شہریوں کو اس کھیل کی خوبصورتی سے لطف اندروز ہونے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ 

شاہد میموریل اور ینگ پھول پتی فٹبال کلب کے زیر اہتمام آزادی کپ کی فاتح ٹیم شاہد میموریل کے کپتان مہمان خصوصی اعظم خان اور امام بخش سے ٹرافی وصول کرتے ہوئے
شاہد میموریل اور ینگ پھول پتی فٹبال کلب کے زیر اہتمام آزادی کپ کی فاتح ٹیم شاہد میموریل کے کپتان مہمان خصوصی اعظم خان اور امام بخش سے ٹرافی وصول کرتے ہوئے 

ملکی سطح پرکراچی کے کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آزادی کپ فٹبال ٹورنامنٹ سیزن ٹوکا فائنل میلہ شاہد میموریل نے لوٹ لیا۔ فائنل میں دو بڑی ٹیمیں چیمپئن بننے کیلئے برسرپیکار تھیں۔ اعظم اسپورٹس کو شاہد میموریل کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کا سامنا رہا۔ نعمان ڈوڈواور عبید ببن نے یکے بعد دیگرے گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-0 کی سبقت دلادی جوکہ پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں احمرسعید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ کم کیا۔

میچ ریفری انیس اختر، ڈپٹی ریفری فضل احمد بلوچ ، نظر شباب، میچ کمشنر ماسٹر نذیر جبکہ فائنل کے مہمان خاص سابق سکریٹری سندھ فٹبال ایسوسی ایشن اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ فٹ بال کے صدر اعظم خان تھے جن کا میچ کے دوسرے ہاف کے شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق کوچ طارق لطفی، انجینئر امام بخش، ابراہیم آسکانی،حسین بخش بلوچ، حبیب حسن، غلام عباس، شاہد تاج، فتح محمد بلوچ، سلیم پٹنی، ظفر اقبال، یوسف خان، اسلام الدین، شریف بلوچ، اخلاق بلوچ، لالا اشرف، امجد سربازی، حبیب بینک فٹ بال ٹیم کے سابق کوچ محمد اشرف بلوچ، لالا انور،شعبان بلوچ بھی موجود تھے۔

اعظم خان نے شاہد میموریل کی ٹیم کو خوبصورت فٹبال کٹ اور ونر ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے نقد اور اعظم اسپورٹس کی ٹیم کو بھی خوبصورت کٹ، رنر ٹرافی اور 50000 روپے نقد کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین بہترین دفاعی کھلاڑی شاہد میموریل کے شہزاد، بہترین گول کیپر شاہد میموریل کے جاسم اور ابھرتے ہوئے بہترین نوجوان کھلاڑی اعظم اسپورٹس کے احسان کو دس دس ہزار روپے نقد انعام دیا۔ اعظم خان نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آج فائنل میں دونوں ٹیموں نے جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید