اسلام آباد (فاروق اقدس/ خصوصی رپورٹ) ’’روسی صدر کا مسجد میں قرآن پاک سینے سے لگا کر دنیا کو پیغام‘‘روسی صدر نے اپنے پیغام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل موہ لئے ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید مسلمانوں کیلئے مقدس ہے اور دوسروں کیلئے بھی اس کا احترام لازم ہے ،روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے داغستان میں مسجد کے دورے کے دوران تحفے میں دیئے گئے قرآن مجید کو سینے سے لگا لیا۔ گزشتہ روز انہوں نے روس کی سب سے قدیم مسجد کا دورہ کیا جو اس حوالے سے بھی قابل ذکر اور غیرمعمولی اہمیت کا حامل تھا کہ صدر پیوٹن نے یہ دورہ سویڈن میں عیدالاضحیٰ کے موقعہ پر قرآن مجید کی بے حرمتی کے اگلے دن کیا جس سے پوری دنیا میں ایک عالمی طاقت کے سربراہ کی جانب سے صلح و آشتی اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف ایک پیغام گیا ہے۔ اس موقعہ پر روسی صدر نے داغستان کے مسلمان نمائندوں کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے قرآن سینے سے لگا کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہر مذہبی کتاب مقدس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ دوسرے ممالک میں لوگ اس کا احترام نہیں کرتے اور لوگوں کے مذہبی جذبات کا خیال نہیں رکھتے اور پھر یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ جرم نہیں۔ صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ قرآن مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب ہے اور سب کو اس کا احترام کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو جرم کے طور پر نہیں دیکھا جاتا لیکن روس میں ایسا ہرگز نہیں ہمارے ملک میں آئین کے مطابق یہ جرم ہے۔ روسی صدر نے قرآن پاک سینے سے لگا کر یہ پیغام عیدالاضحیٰ کے موقع پر روس کے شمالی علاقے میں واقع صوبہ داغستان کی سب سے قدیم ترین مسجد کے دورے کے موقعہ پر دیا۔