لاہور(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چند روز قبل لاہور سے روانہ کی جانے والی پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کراچی پہنچنے کے بعد واشنگ لائن کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب ٹرین کی ایک اکانومی کلاس کی بوگی واشنگ لائن کی طرف جاتےہوئےاچانک پٹری سے اتر گئی ۔ خوش قسمتی سے اس وقت ٹرین خالی تھی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے نتیجے میں واشنگ لائن کی طرف جانیوالا ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا، جس کے باعث ریلوے کی صفائی اور دیکھ بھال کے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور متاثرہ ٹریک کی جلد از جلد بحالی کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔