بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے سے بھارتی جیلوں میں گرفتار کشمیری رہنماؤں کی رہائی کیلئے برطانیہ اور یورپ میں بھرپور مہم جاری ہے۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے رہنماؤں کی اس حوالے سے برطانوی وزراء اینڈریوسٹیفنسن ، سٹیورٹ اینڈریو ، لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلارینر، شیڈووزیر بیرسٹر عمران حسین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں، جموں کشمیر تحریک حق خوداردیت انٹرنیشنل دیگر کشمیری تنظیموں سے مل کر برطانیہ بھر میں ممبران پارلیمنٹ سے ذاتی رابطوں اور پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کر کے اس مسئلہ کو برطانیہ بھر میں موثر طریقے سے اجاگر کرے گی۔ برطانیہ کے مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کرنے کے بعد 18جولائی کوبرطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس منعقد ہوگی جس سے کشمیری زعماء اور ممبران پارلیمنٹ خطاب کریں گے۔ملاقاتیں کرنے والے وزراء اور ممبران پارلیمنٹ نے تحریکی عہدیداران کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے ان رہنماؤں کی رہائی کیلئے برطانوی حکومت سے بات چیت کریں گے، ان کی پوری کوشش ہوگی کہ بھارتی حکومت تک برٹش کشمیریوں کا نکتہ نظر اور برطانوی حکومت کا احتجاج پہنچایا جائے، اس سلسلے میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے Pudsey کے ممبر پارلیمنٹ اور سپورٹس کے وزیر سٹیورٹ اینڈریو سے ملاقات کر کے اس مہم کا آغاز کیا جس کے بعد لیبرپارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر کے دورۂ بریڈفورڈ کے دوران انہیں یسین ملک کی رہائی کی پٹیشن دی، شیڈو وزیر بیرسٹرعمران حسین ایم پی اور سینئر وائس چئیرمین آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کو بھی JKSDMI کی مہم سے آگاہ کیا اور ان سےمطالبہ کیا کہ وہ لیبر پارٹی کے اندر اپنی لیڈرشپ، شیڈو وزیر خارجہ اور دیگر رہنماؤں کو اپنا ہمنوا بنا کر برٹش کشمیریوں کا نکتہ نظر نہ صرف پارلیمنٹ میں پیش کرنے میں معاونت کریں بلکہ اسے پارٹی کے اندر آنے والی سالانہ کانفرنس میں اٹھائیں۔ اسی طرح تحریک کے عہدیداروں نے نیلسن میں برطانوی وزیر اینڈریو سٹیفنسن سے ملاقات کر کے کنزرویٹو مسلم فورم نارتھ ویسٹ کےعہدیداروں سابق کونسلر محمد نواز، سابق کونسلر محبوب احمد اور چیئرپرسن CMF ثمینہ خان کی معاونت سے کشمیریوں کی پٹیشن اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ JKSDMI کے عہدیداروں راجہ نجابت حسین (ستارۂپاکستان)، سردار عبدالرحمان خان، ہیری بوٹا اور دیگر نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانےمیں اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر کی تمام سیاسی لیڈرشپ کو رہا کرائیں جنہیں بغیر کسی ثبوت کے بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رکھا گیا ہے باالخصوص جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یسین ملک کی رہائی کے متعلق جو پٹیشن برطانوی وزیراعظم کو دی گئی تھی اسی پٹیشن کی مناسبت سے تمام ممبران پارلیمنٹ کو استدعا کی گئی ہے کہ وہ اپنے انتخابی حلقوں میں مقامی کشمیریوں اور حق رائے دہندگان سے مل کر کام کریں اور بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی کے نام نہاد مقدمات میں پھنسے کشمیری رہنماؤں کو بری کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے مستقبل کے پروگرامز میں ڈپٹی میئرز، سٹی میئرز، لارڈ میئرز، کونسلرز، کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کی شرکت سے مسئلہ کشمیر کے حل کومزید تقویت ملے گی ۔ریاست جموں کشمیر کی تحریک آزادی کو برطانیہ و یورپ کے ایوانوں اور سفارتی و سیاسی محاذ پر بہتر اندازمیں پیش کیا جائے گا تاکہ کشمیری اپنا بنیادی و پیدائشی حق حاصل کر سکیں جس کا پاکستان و بھارت کی حکومتوں کے علاوہ دنیابھر کی اقوام نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صورت میں تسلیم کر رکھا ہے۔