ہریالی سے انسان کو فطری لگاؤ ہوتا ہے، اسی لیے گھر میں باغیچہ ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ اگر مکان تعمیر کروارہے ہیں یا آپ کے موجودہ گھر میں باغیچہ موجود ہے تو اس کی دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دیجیے کیونکہ بعض اوقات مصروفیات کی وجہ سے ہم اس پر دھیان نہیں دے پاتے اور بالآخر اس کی دلکشی اور افادیت سے محروم ہوجاتے ہیں۔ جس طرح گھر کے اندرونی حصے کی آرائش آپ کے ذوق کی آئینہ دار ہوتی ہے، ویسے ہی باغیچہ کو خوشنما رکھنا بھی آپ کی ترجیحات میں ہونا چاہئے۔ گھر آئے مہمان آپ کے ڈرائنگ روم یا لاؤنج میں پہنچنے سے پہلے داخلی راستے سے گزر کر جاتے ہیں اور ایسے میں ان کی نظر لامحالہ باغیچہ یا گملوں اور کیاریوں میں لگے پھول پودوں پر پڑتی ہے۔ لہٰذا گھر کے بیرونی حصہ کا جاذب نظر ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ اندرونی حصے کا۔
باغیچہ کی آرائش کی بات کریں تو یہ بھی ایک فن ہے، انگریزی میں اس فن کو ’لینڈا سکیپنگ‘ کہتے ہیں جبکہ اُردو میں ہم اسے باغیچہ کی تزئین و آرائش کہہ سکتے ہیں۔ اس میں پھولوں کی کیاریوں اور گھاس کے سرسبز قطعوں کے علاوہ بھی بہت سی چیزوں کو شامل کیا جاتا ہے جیسے کہ بچوں کے کھیلنے کے لیے کھلی جگہ، بیٹھنے اور گھریلو کام کاج کے لئے بینچ یا کرسیاں وغیرہ، جبکہ دالان اور لان کی ملحقہ زمین کوبھی خوبصورتی سےسجایا جاسکتاہے۔
جاپانی باشندے لینڈاسکیپنگ میں ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ جاپانیوں کے گھر اگرچہ چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں مگر پھر بھی وہ گھروں کے سامنے چند گز کھلی جگہ چھوڑتے ہیں اور اس کھلی جگہ کو لینڈ اسکیپنگ کے ذریعے دلکش بنادیتے ہیں۔ اس کا اہم مقصد یہ ہوتاہے کہ گھر کے اِردگرد کھلی جگہ کی اس طرح تزئین وآرائش کی جائے کہ ماحول خوبصورت لگے اور وہاں وقت گزارنا بہتر محسوس ہو۔
پتھر کا استعمال
باغیچہ میں قدرتی پتھر کا استعمال نہایت ہی نفیس معلوم ہوتا ہے۔ قدرتی پتھر لگانے کے لیے سب سے پہلے جگہ کا تعین کریں اور وہاں موجود فالتو گھاس پھوس صاف کردیں۔ اس کے بعد ایک حفاظتی تہہ بچھائیں تاکہ اس حصے میں غیر ضروری جڑی بوٹیوں کی نشوونما کو روکا جاسکے، اس کے بعد پتھر بچھادیں۔ کوشش کریں کہ گہرائی ڈھائی سینٹی میٹر تک ہو۔ پتھروں کے لیے ہلکے رنگ کا انتخاب کریں تاکہ گھاس اور پودوں کے رنگوں کے ساتھ ایک دلچسپ امتزاج قائم ہوسکے۔
لکڑی کا واک وے
لکڑی کے تختوں کو صفائی سےباغیچہ میں بچھا کر لکڑی کا سادہ مگر شاندار واک وے بنایا یا جاسکتاہے جو دیکھنے میں نہایت دلکش لگے گا بلکہ بچوں کے لیے بھی دلچسپی کا باعث بنے گا۔
روشنیوں کی تنصیب
بازار م میں روشنیوں کی کئی اقسام دستیاب ہیں بالخصوص گھر کے بیرونی حصے کے لیے مختلف سائز میں نت نئی اشکال دستیاب ہیں۔ یہ آپ کے باغیچے میں فوری اور بجٹ کے اندر رہتے ہوئے ایک نئی زندگی لانے کا آسان طریقہ ہے۔ یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے کہ ان کو کسی جھاڑی یا درخت کی شاخ سے لٹکادیں یا جنگلے وغیرہ کے ساتھ باندھ دیں۔ واک وے کے ساتھ بھی روشنیاں نصب کی جاسکتی ہیں، جو انتہائی متاثرکن لگتی ہیں۔
بیٹھنے کا انتظام
ویسے تو ہری گھاس پر بیٹھنے کا اپنا الگ ہی مزہ ہے لیکن اگر گھا س ہموار نہ ہو تو بدنما لگتی ہے۔ ایک اچھے باغیچے کی پہچان یہ ہے کہ وہ سرسبز اور ہموار ہو، اس میں موجود کیاریاں ترتیب میں ہوں اور ان میں لگے پھول پودے خوبصورت منظر پیش کریں۔ ایسے میں حسین شاموں میں باغیچہ میں بیٹھنے اور وقت بتانے کو دل للچانے لگتا ہے۔ اگر باغیچہ میں بیٹھنے کی جگہ دستیاب ہو تو آپ موسم کا بھرپور انداز میں لطف اٹھاسکتے ہیں۔ دیدہ زیب ڈیزائن والے فرنیچر یا بینچوں کو آراستہ کرکے بھی ماحول کو آرام دہ بنایا جاسکتا ہے۔
جھولے
مختلف قسم کے جھولے بچوں میں خاصے مقبول ہوتےہیں۔ ان جھولوں کاحجم اتنا ہوتا ہے کہ ان پر بڑے لوگ بھی آرام سےجھولا جھول سکتے ہیں۔ یہ جھولے مضبوط اور پائیدار ہوتے ہیں اور اپنی ان ہی خوبیوں کی وجہ سے لوگوں کی پسندیدگی کا باعث بنتے ہیں۔ ایسی خواتین جو گھروں میں اکیلی ہوتی ہیں ان کےلیے بھی ایسے جھولےدلچسپ، آرام دہ اور وقت گزاری کاباعث ہوتے ہیں۔ باغیچہ کے ایک حصے میں ریت ڈال کر چھوٹے بچوں کے لئے کھیلنے کا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔
آبشار
پتھر کی دیوار اور اس سے گرتا پانی قدرت سے لگاؤ رکھنے والوں کے لیے کشش کا باعث ہوتا ہے۔ گرتے پانی کی آواز ویسے بھی انسان کو مسحورکن معلوم ہوتی ہے۔ آپ دیوار میں ایک طاق بنائیں اور اس میں پودے اس طرح رکھیں کہ وہ آبشار کے قریب ہوں مگر ان میں پانی نہ گرے۔ بازار میں آبشار کے ڈیزائن والے ماڈلز بھی دستیاب ہیں۔
رنگ برنگے گملے
گملے بھی مختلف سائز اور مٹیریل میں دستیاب ہیں۔ یہ تصویر کی طرح چھوٹے بھی ہو سکتے ہیں یا ایک دیوار کے بڑے حصے کو اپنے پیچھے چھپاسکتے ہیں۔ ان گملوں پر خوبصورت پینٹ کر کے انہیں رنگ برنگے پھولوں سے سجائیں۔ آپ بازار سے مختلف اقسام کے ہک اور گملے حاصل کر سکتے ہیں جنھیں لکڑی کے تختوں والی جگہ پر لگایا جاسکتاہے۔