کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، اسٹیل ملز کے قریب 2سے 3فٹ تک بارش کا پانی جمع ہوگیا ، کل بھی شہر میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ، ہفتے کی صبح سے کراچی کے مختلف علاقوں صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، پاکستان چوک، ایوان صدر روڈ، مائی کلاچی، کلفٹن، بوٹ بیسن، سعود آباد، نارتھ کراچی ، سرجانی ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے چورنگی، بفرزون ، ناگن چورنگی، ملیرہالٹ ، رفاع عام ، شاہ لطیف ٹاؤن ، رزاق آباد، پپری، گلشن حدیداور اطراف میں بوندا باندی، کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ پاکستان اسٹیل ملز کے قریب 2 سے 3 فٹ تک بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ شہرمیں بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئے جبکہ موٹر سائیکل پھسلنے ہونے کے واقعات بھی رونما ہوئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ہفتے کو سب سے زیادہ بارش قائدآباد میں 14.5 ملی میٹر ریکارڈکی گئی ، جناح ٹرمینل پر 9.4 ، اولڈایئرپورٹ پر 3.2 ملی میٹربارش ہوئی۔ہفتے کو کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد رہا۔کراچی میں جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹا رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 9 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔