کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کل کراچی میں مزید بسوں کا ایک فلیٹ پہنچ رہا ہے۔چارجر آگئے ، کل سے الیکٹرک بسیں دوبارہ کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں ہونگی۔
سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج صرف سندھ حکومت نے مہیا کیا ہے اور سندھ کے سرکاری اسپتالوں کا معیار اتنا اعلی ہے کہ کسی کو ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں دنیا کا مہنگا ترین سائبر نائف اور ٹرانسپلانٹ جیسا علاج بالکل مفت مہیا کیا جارہا ہے ایسا کہیں اور نہیں۔
وزیرِ اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ اتوار کے روز آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر شہری سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے بسوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا اور نئی بسیں پرانی بسوں کو ری پلیس کردیں گی۔
بسوں کی مانیٹرنگ ایپ لانچ ہوچکی ہے،سندھ حکومت نے لوگوں کی زندگی کو مہنگائی کے اس طوفان کے دور میں آسان بنایا ہے۔