پاکستان شاہینز کے کپتان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت پر سبقت حاصل ہے۔
ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے سری لنکا روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ بھارت اور دیگر ٹیموں پر برتری اس لیے حاصل ہے کہ پاکستان شاہینز میں 8 انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے تجربے کی وجہ سے پاکستان کا کمبی نیشن دیگر ٹیموں کے مقابلے میں بہتر دکھائی دیتا ہے۔
5 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 22 سالہ محمد حارث کا کہنا ہے کہ میں انڈر 19 اور فرسٹ کلاس میں کپتانی کرچکا ہوں اس لیے ایمرجنگ ایشیا کپ میں کپتانی کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کمبی نیشن اچھا بنا ہوا ہے۔ ہمارے بیٹرز، اسپنرز اور فاسٹ بولرز بہت اچھے ہیں۔ سری لنکا کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔ سینئر کھلاڑی وہاں کھیل چکے ہیں۔
محمد حارث نے کہا کہ کنڈیشنز ہمارے لیے مسئلہ پیدا نہیں کریں گی۔ کنڈیشنز کے مطابق پلیئنگ الیون کھلانے کا فیصلہ کریں گے۔
محمد حارث نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹنگ میں ٹھہراؤ لانے کی کوشش کی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس کی مجھے بہت ضرورت تھی۔ سمر کیمپ اور پاکستان شاہینز کے کیمپ میں بیٹنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی کام کیا ہے۔