کراچی (اسٹاف رپورٹر،نیوز ڈیسک) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں 300تنور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی، کراچی کا چہرہ کلاشنکوف نہیں بلکہ قلم پکڑے یہاں موجود نوجوان ہیں۔ گورنر ہاؤس میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے کورسز میں داخلہ کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ ٹیسٹ میں10ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی، عارف حبیب، فرخ حمید گوڈیل، سر ضیاء اللہ خان اور گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام کے سی ای او دانیال ناگوری،متحدہ عرب امارات، اومان، ایران، بحرین ، قطر، انڈونیشا، ملائشیا، جرمنی ، فرانس اور روس کے قونصل جنرلز، سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو کسی اور نے یونیورسٹی بنانے کا دعوی کیا تھا، اس دعوے کو عملی جامہ آج پہنایا جارہا ہے، کامیاب امیدوار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، میٹا ورس اور ویب تھری کی تربیت مکمل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے، گورنر ہاؤس مکمل طور پر ایک جامعہ کی شکل میں کامیاب امیدواروں کو تربیت فراہم کرے گا۔ گورنر سندھ نے آئی ٹی پروگرام میں بھرپور تعاون پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی کی بدولت یہ آئی ٹی پروگرام شروع ہوسکا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یواے ای کے قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے جبکہ پاکستان کے سوفٹ ویئر ہاؤسز سے متعدد اجلاس کئے ہیں، وہ کامیاب نوجوانوں کو 5 لاکھ کی ملازمت دینے کو تیار ہیں، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ امید کی گھنٹی اور راشن کی تقسیم کے بعد آج آئی ٹی کورس کے ٹیسٹ کے انعقاد سے عوام کی فلاح و بہبود کا ایک اور منصوبہ شروع ہورہا ہے۔ ویب سائٹ سے رجسٹرڈ دیگر امیدواروں کو ان کے ٹیسٹ کی تاریخ سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے بھی آئی ٹی ٹیسٹ میں شمولیت کی اور کامیاب ہونے کی صورت میں ناکام ہونے والے کسی ایک طالب علم کو گفٹ کرنے کا اعلان کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں گورنر سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا جو عزم کیا ہے اس میں ضرور کامیاب ہوں گے۔