چند سال قبل سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ’ارشد چائے والا‘ کے نام سے مشہور نوجوان نے اب لندن میں بھی اپنا چائے کا کیفے کھول لیا ہے۔
ارشد خان نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ایک میوزک البم میں بھی کام کیا لیکن پھر اچانک منظر سے غائب ہوگئے۔
ارشد خان نے’چائے والا‘ کے نام سے لندن کی مشہور شاہراہ پر 229 الفرڈ لین میں کیفے کھولا ہے جہاں پاکستانی، بھارتی اور بنگلادیشی بڑی تعداد میں قیام پذیر ہیں۔
لندن میں کھولے گئے اس کیفے میں جنوبی ایشیا کے روایتی اور ثقافتی رنگ نمایاں ہیں جس میں ٹرک آرٹ والا ویسپا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ارشد خان نے 2020ء میں اسلام آباد میں’چائے والا، روف ٹاپ کیفے‘ کے نام سے ایک کیفے کھولا جس کی ایک برانچ بالاکوٹ میں بھی ہے۔
اکتوبر 2016ء میں جب ارشدخان کی عمر 16 برس تھی تو اس وقت ایک فوٹوگرافر جویریہ علی نے ان کی ایک تصویر لی تھی جوکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس تصویر میں ارشد اپنے ایک گاہک کے لیے چائے ڈالتے نظر آ رہے تھے۔
اس تصویر میں ارشد خان کی خوبصورت نیلی آنکھیں اور چہرے پر سنجیدگی ان کی راتوں رات شہرت کی وجہ بنی۔
فوٹوگرافر جویریہ علی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر کے وائرل ہونے کے بعد ارشد خان کو میڈیا نے بھی خوب کوریج دی یہاں تک کہ میگزین میں بھی ان کی تصویریں شائع ہوئیں۔