کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کو کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ سمجھا ہے، پیپلز پارٹی اور سلیکٹڈ میئر کے لیے شرم کا مقام ہے کہ کراچی رہائش کے لیے دنیا کے بدترین شہروں میں سر فہرست ہے، پیپلز پارٹی کراچی کے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کر کے اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتی ہے، مردم شماری میں کراچی کی گنتی بھی اسی لئے کم کی جاتی ہے تاکہ کراچی کی حقیقی نمائندگی سامنے نہ آسکے، اگر کراچی کی درست آبادی شمار کر لی جائے تو وڈیروں اور جاگیرداروں کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔ کراچی میں بڑی مشکل سے 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرائے گئے اور 15جون کو میئر کا انتخاب عمل میں آیا لیکن پیپلز پارٹی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں، ٹاؤن و یوسیز چیئرمینوں کو تاحال چارج منتقل نہیں کیا اور ایک ٹرانزیکشن مدت کے نام پر کرپشن کا سلسلہ جاری ہے، ہم کراچی کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کو کسی صورت میں بھی اپنی من مانی اور کرپشن نہیں کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ نشرو اشاعت کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں روایتی دعوتِ آم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔