• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگوں پر اپنا پہلا تاثر اچھا چھوڑیں

بچن سے ہی سکھایا جاتا ہے کہ کسی بھی شخص پر آپ کا پہلا تاثر اچھا پڑنا چاہیے کیونکہ پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے۔ کسی بھی شخص پر ایک بار آپ کا جو تاثر قائم ہوگیا تو اسے بدلنا نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔ چاہے آپ ملازمت کے لیے انٹرویو دینے جارہے ہوں، انٹرن شپ کے لیے کسی سے ملاقات کررہے ہوں، کسی نیٹ ورک ایونٹ میں شرکت کرنی ہو یا پھر پہلی با ر کسی سے سامنا ہو، آپ کو لوگوں پر اپنا پہلا تاثر ہی اچھا چھوڑنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی سے پہلی بار ملنے میں آپ گھبراہٹ کا شکار بھی ہوتے ہیں لیکن یہی گھبراہٹ کبھی کبھار آ پ کے لیے بہترین کام کر جاتی ہے۔ کچھ لوگ اپنی گھبراہٹ کو چھپانے میں بھی ماہر ہوتے ہیں، تاہم جب بھی آپ کوئی انٹرویو دینے یا اہم میٹنگ کے لیے جائیں تو جانے سے پہلے ملاقات کی ریہرسل کرلیں اور پھر اسی کے مطابق لوگوں سے پیش آئیں۔ ذیل میں بہترین انداز سے اپنا پہلا تاثر پیش کرنے کے کچھ مشورے دیے جارہے ہیں۔

نظریں ملانا

جب آپ کسی سے بات کررہے ہوں تو سامنے والے کو اس کا یقین ہونا چاہیے کہ آپ اس کی بات توجہ سے سن رہے ہیں۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اس کی نظروں سے نظریں ملائیں۔ اگر آپ کی آنکھیں مخاطب کو دیکھنے کے بجائے ادھر ادھر جارہی ہیں تو اس سے ظاہر ہوتاہے کہ آپ اس کی بات میں دلچسپی نہیں لے رہے یا پھر کسی قسم کی گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ 

تاہم، اس چیز کا بھی دھیان رکھیں کہ آپ سامنے والے کی آنکھوں میں مسلسل نہ دیکھیں۔ آپ دوسرے کی آنکھوں میں دیکھ کربات کریں اور سنیں، پھر گاہے بگاہے نظریں ہٹاتے رہیں اور پھر سے نظریں ملائیں۔ اس طرح آپ مخاطب کو یہ باور کرواسکیں گے کہ آپ اس کی بات غور سے سن رہے ہیں۔

غیر زبانی گفتگو

ایک مطالعے کے مطابق روزانہ کی گفت وشنید میں 93فیصد غیر زبانی گفتگو (تاثرات اور باڈی لینگویج) ہوتی ہے، اس کا مطلب ہے کہ صرف7فیصد گفتگو الفاظ کی محتاج ہوتی ہے۔ لوگ اپنے چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج سے بہت کچھ کہہ دیتے ہیں۔

دلچسپی کا اظہار

جب سامنے والا بات کررہا ہو تو اس سے نظریں ملانے کے علاوہ اپنے چہرے کے تاثرات، باڈی لینگویج یا چند ایک جملوں سے یہ ظاہر کریں کے آپ اس کی باتوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ سامنے والے کا موضوع چاہے کتناہی اُکتاد ینے والا کیوں نہ ہو، آپ کو اس میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنی چاہیے۔ دلچسپی ظاہر نہ کرنے سے برا اثر پڑسکتا اور آپ کے مغرور ہونے کا تاثر بھی قائم ہوسکتا ہے۔ اس طرح مخاطب کو یہ بھی احساس ہوتا ہے کہ وہ جو کچھ کہہ رہاہے اس کی کوئی وقعت نہیں ہے اور سامنے والا بیزاری محسوس کررہا ہے۔

صاف آواز میں بات کرنا

آپ جب بھی بولیں تو الفاظ واضح اور آواز صاف ہونی چاہیے۔ الفاظ بار بار دہرا کر، مروڑ کر یا چبا کر ادا نہیں کرنے چاہئیں۔ لہجے میں بھی یکسانیت نہ ہو، بات کی مناسبت سے ا س میں اُتار چڑھائو لاتے رہیں۔ اگر گفتگو کے حوالے سے خیالات اور الفاظ کم پڑ رہے ہوں تو وقفہ لے لیں۔

عمدہ لباس زیب تن کرنا

آپ جیسے نظر آتے ہیں، اس سے بھی سامنے والے پر آپ کا پہلا تاثر قائم ہوتا ہے۔ لوگ آپ کی بات سننے سے پہلے آپ کو سر تا پیر دیکھتے ہیں۔ اپنا عمدہ تاثر چھوڑنےکیلئے نفیس اور خود پر جچنے والا لباس زیب تن کریں۔ آپ کے با ل تراشیدہ اور سلیقے سے بنے ہوں جبکہ ناخن بھی صاف اور تراشیدہ ہوں۔ اچھی خوشبو کا استعمال بھی سامنے والے کو متاثر کرتا ہے۔

نام یاد رکھنا

اکثر پہلی ملاقات کے بعد کچھ لوگوں کے نام یاد نہیں رہتے اور جب وہ دوبارہ ملتے ہیں تو آپ نام سوچنے میں کام کی بات بھول جاتے ہیں۔ لہٰذا ملاقات کے دوران جب تعارف کا مرحلہ آئے تو دوسروں کا نام بلند آواز سے پکاریں۔ مثال کے طور پر ، ’’اسلام علیکم صہیب، میرا نام خبیب ہے۔ آپ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی۔ آپ کےنام اور کام کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا‘‘۔ 

اس کے علاوہ آپ جب بھی کسی کا نام یاد کرنا چاہیں تو اس کے نام کے پہلے حرف کو کسی بھی چیز سے وابستہ کرلیں، جیسے کسی کا نام ’ح‘ سے شروع ہوتا ہے تو ذہن میں ٹٹولیں کہ آپ کے جاننے والوں میں کتنے لوگوں کا نام ’ح‘ سے آتا ہے یا اس حرف سے وابستہ کوئی واقعہ یا جگہ ذہن میں لائیں۔

چند اہم مشورے

٭ ہمیشہ سیدھے بیٹھیں یا سیدھے کھڑے ہوں، اس سے آپ کے بااعتماد ہونے کا پتہ چلتاہے۔

٭ نشست سے برخاست ہونے یا چلنے میں جلد بازی نہ کریں۔

٭ کرسی پر ٹیک لگا کر بیٹھنے کے بجائے تھوڑا آگے جھک کر اور کندھے پیچھے کرکے بیٹھیں۔ اس سے پتہ چلتاہے کہ آپ سامنے والے کی باتیں غور سے سن رہے ہیں۔

٭ گفتگو کے دوران مسکراتے رہیں کیونکہ مسکراہٹ سے پتہ چلتاہے کہ آپ سامنے والے کی بات میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

٭ اپنی گردن یا ٹھوڑی کو با ربار مت چھوئیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اپنی کہی ہوئی بات کے بارے میں خود بے یقینی کا شکار ہیں۔

٭ تیزی سے حرکت کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کسی قسم کی گھبراہٹ یا بے آرامی میں مبتلا ہیں۔