کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، اپوزیشن اراکین کی سندھ حکومت پرکڑی تنقید ، اراکین کا کہنا تھا کہ کراچی میں زمینوں پر قبضے ، منشیات کی فروخت میں اضافہ اور اسٹریٹ کرائم روکنے میں پولیس ناکام ہے ، ضلع غربی منشیات اور ایرانی پیٹرل کی غیر قانونی فروخت کا گڑھ بن چکاہے،صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی کا ایس ایس پی بہت اچھا افسر ہے۔اس کی پرفارمنس بہت اچھی ہے،تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن اراکین مختلف توجہ دلاؤنوٹسز کے ذریعے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال اور منشیات کے کھلے عام فروخت پر حکومت سندھ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایم کیوایم کے صداقت حسین نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ ضلع غربی منشیات اور ایرانی پیٹرل کی غیر قانونی فروخت کا گڑھ بن چکاہے ۔یہ سب کچھ پولیس کی سرپرستی میں ہورہاہے،امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے۔اورنگی میں پیٹرول کی دکانیں کھل گئی ہیں۔ایرانی پیٹرول اور منشیات فروخت کرنے کا لائسنس کس نے دیا ہے۔ڈسٹرکٹ ویسٹ کا ایس ایس پی بوجھ بنا ہوا ہے۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ایرانی پیٹرول آرہا تھااس پر سختی کی گئی ہے ،منشیات پر بھی اعلیٰ سطح کمیٹی بنی ہوئی ہے ،ہماری پوری کوشش ہے کہ ان برائیوں کو کنٹرول کریں۔ایم کیو ایم کے عدیل شہزاد نے کہا کہ کراچی میںزمینوں پر قبضے ، منشیات کی فروخت میں اضافہ اور اسٹریٹ کرائم روکنے میں پولیس ناکام ہے اسی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہے ۔منشیات فروشوں کے ساتھ ملکر جنہوں نے ان کے خلاف درخواست دی تھی انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا۔