پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی، مصباح الحق کو اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
مذکورہ کمیٹی میں سابق کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق کمیٹی کرکٹ سے متعلقہ امور پر تجاویز دے گی۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کمیٹی نیشنل سلیکشن کمیٹی، نیشنل ٹیم کوچز اور سینٹرل اور ڈومیسٹک کانٹریکٹس پر بھی تجاویز دے گی۔ کمیٹی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو رپورٹ کرے گی جبکہ کمیٹی مزید ایکسپرٹس کو بھی مدعو کر سکے گی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کو کرکٹ کی بہتری کےلیے خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ یہ کرکٹرز بہتری کےلیے آگے آئے ہیں۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو ہمیں فول پروف بنانا ہے۔
سربراہ کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا سربراہ مقرر ہونے پر مجھے بہت خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں ایسے لوگ شامل ہیں جن کی پاکستان کےلیے بڑی خدمات ہیں۔ یہ ایک چیلنجنگ اسائنمنٹ ہے۔