وزیراعظم شہباز شریف نے اسکواش کا جونیئر عالمی ٹائٹل جیتنے والے حمزہ خان سے ملاقات کی اور انہیں ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حمزہ بہت باصلاحیت نوجوان ہیں، انہوں نے اسکواش کا جونیئر عالمی ٹائٹل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ناکافی سہولتوں کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی لائق تحسین ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی طرف سےحمزہ کو انعام کے طور پر ایک کروڑ روپے دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ خان سے وعدہ لیا ہے وہ سینئر عالمی چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ملک گیر اسپورٹس انیشی ایٹیو کا آغاز کیا ہے، اس میں پاکستان کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی، پاکستان اسپورٹس اینڈومنٹ فنڈ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے ان اقدامات کے بعد ہزاروں نوجوان عالمی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔