سندھ کے مختلف اضلاع میں سات روزہ پولیو مہم کا آغاز 7 اگست سے ہوگا، اس دوران صوبے بھر کے 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی ترجمان برائے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 7 اگست سے ہوگا جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تقریباً 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ 14 ہزار رضاکار گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کراچی کے تمام اضلاع میں چلائی جائے گی، تاہم ضلع شرقی میں پولیو کے قطرے نہ پلانے کی شکایات سب سے زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت حیدرآباد ، جامشورو اور کوٹری میں بھی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔