• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ضلع کونسل ملازمین کی احتجاجی ریلی

سکھر(بیور ورپورٹ)ضلع کونسل سکھر کے ملازمین نے 17ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف جمعرات کے روز ضلع کونسل ہال سے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پہنچی جہاں مظاہرین نے احتجاجی دھرنا دیا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرے کی قیادت عبدالمجید جسکانی ، عبدالشکورو دیگر رہنما کرر ہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع کونسل سکھر کے ملازمین کو 17ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، عید الفطر کی آمد ہے لیکن ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کر کے ملازمین کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے، ملازمین سخت ذہنی اذیت کا شکار ہے، جبکہ ملازمین کے اہلخانہ بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث پریشانی سے دوچار ہیں، بچے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے اور اگر گھر میں کوئی بیمار ہوجائے تو ہم علاج ومعالجہ نہیں کراسکتے، ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں، کئی ماہ سے ملازمین سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت ، وزارت بلدیات ،محکمہ فنانس سمیت کوئی بھی اس کا نوٹس لینے کو تیار نہیں، 17ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنا  ظلم اور زیادتی ہے، اس ظلم و ذیادتی کے خلاف ملازمین سڑکوں پر سراپا احتجا ج ہیں، پریس کلب ، منتخب نمائندوں کے گھروں کے سامنے دھرنے دے رہے ہیں اور اپنی آواز ایوانوں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کوئی ہماری آواز سننے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ سکھر کے منتخب نمائندے ہمارے پاس ووٹ لینے آتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ سکھر کے منتخب نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا ہے لیکن یہ منتخب نمائندے بھی ایوانوں میں جا کر ہمارے مسائل بھول جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عید الفطرکی آمد ہے لیکن ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ملازمین کے گھروں میں خوشیوں کے بجائے مایوسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ہمارے بچوں کی عید کی خوشیاں مایوسیوں میں تبدیل ہورہی ہیں لیکن کوئی ہماری بات سننے والا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اعلان کرتی ہے کہ غریب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے اور سندھ میں ترقی وخوشحالی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر ضلع کونسل کے ملازمین جو 17ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث معاشی بحران سے دوچا رہیں ان کے مسائل حکومت کونظر نہیں آرہے ،انہوں نے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، سینیٹر اسلام الدین شیخ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسمبلی میں آواز اٹھائیں اور ان کے مسائل کو حل کریں ، ملازمین کی تنخواہیں عیدالفطر سے قبل ادا کی جائیں تاکہ ضلع کونسل کے ملازمین اور ان کے اہلخانہ عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔
تازہ ترین