مکان کی تعمیر ایک مشکل اور تھکا دینے والا عمل ہوتا ہے۔ تاہم، جب آپ اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کرنے جارہے ہوتے ہیں تو آپ کی خواہش ہوتی ہے کہ تکمیل کے بعد رہنے کے لیے آرام دہ ہونے کے ساتھ یہ نظروں کو بھی بھائے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیشہ اعلیٰ معیار کا تعمیراتی مواد استعمال کیا جانا چاہیے کیونکہ وہ پائیدار اور خوبصورت ہوتا ہے۔
مکان کی تعمیر کے دوران ہر حصے پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ مکانات کی تعمیر ہو یا کسی بھی بلند و بالا عمارت کی، کچھ تعمیراتی عناصر ایسے ہیں، جو ہر عمارت کا لازمی جزو ہوتے ہیں۔ زیرِ نظر مضمون میں انہی عام عناصر پر بات کی جارہی ہے۔
فریمنگ
فریمنگ کسی بھی عمارت کا اہم عنصر ہے، جس سے عمارت کی شکل سامنے آتی ہے۔ یہ عام طور پر اندرونی اور بیرونی کلیڈنگ کے پیچھے چھپی ہوتی ہے اور صرف تعمیرات کے دوران ہی نظر آتی ہے۔ فریمنگ دیواروں، چھتوں، فرش، چھتوں اور پارٹیشنز کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ان میں عام طور پر کم یا درمیانی فاصلہ ہوتا ہے اور کم بوجھ برداشت کرپاتی ہیں۔
لکڑی کا فرش
تعمیرات میں جہاں مختلف حصوں پر توجہ دی جاتی ہے وہیں فرش کی تعمیر بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے۔ فرش گھر کے داخلی دروازے سے لے کر ہر کمرے تک جڑا رہتا ہے، لہٰذا اسے جدید بنانے کے آئیڈیاز پر کام کیا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر فرش سخت مٹیریل سے بنایا جاتا ہے۔
ویسے تو سیمنٹ، موزائیک، ٹائلز ، وینائل، کارک، لیمیننٹ اور ماربل کے فرش بھی عام ہیں لیکن آجکل لوگ لکڑی کے فرش بنوانے کو بھی ترجیح دے رہے ہیں۔ لکڑی کا فرش ایسی جگہوں کے لیے بھی موزوں ہے جہاں صفائی، وزن اور پانی کے خلاف مزاحمت بھی اہم عنصر ہو۔ لکڑی کا فرش وسیع رینج کے لیے موزوں ہے، اس کی اہم خصوصیات میں جمالیات، کم مینٹیننس، آسان دستیابی، وزن برداشت کرنے کی قوت اور لچکدار ہونا شامل ہے۔
لکڑی کے فرش کئی طرح کے ہوتے ہیں جیسے کہ پلائی ووڈ، فلوٹنگ فرش، لیمینیٹڈ فرش وغیرہ۔ انہیں کنکریٹ، پارٹیکل بورڈ اور انجینئرڈ لکڑی کی مصنوعات پر رکھا جا سکتا ہے۔ عام طور پر ان کو لگانے میں اسٹیپل اور دیگر چپکانے والی چیزیں استعمال کی جاتی ہیں۔
لکڑی کا فرش بنیادی طور پر ظاہری خوبصورتی فراہم کرتا ہے، تاہم اس کے باقاعدگی سے استعمال کے دوران احتیاط کرنا پڑتی ہے۔ تنصیب کے دوران ، یہ ضروری ہے کہ لکڑی کی نمی متوقع ماحول سے ملتی ہو۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ لکڑی کا فرش طویل مدت تک صحیح حالت میں رہے، اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ درست لکڑی کا انتخاب اور فرش کے لیے مینوفیکچررز کی جانب سے دی گئی بہترین سفارشات پر عمل کرتے ہوئے لکڑی کو لگایا، فنش اور مینٹین کیا جائے۔
دریں اثناء، اس کی تنصیب اورفنش کرنے کے طریقوں پر مناسب طریقے سے عمل کیا جائے تاکہ ماحول میں نمی کی مقدار میں تبدیلی کو ایڈجسٹ کیا جاسکے جو ائیر کنڈیشننگ، ہیٹنگ، نمی، سورج کی روشنی ، ہوا، بارش وغیرہ کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔
لکڑی کے فرش کی تیاری ایک پیچیدہ اور مشکل سے کنٹرول ہونے والا عمل ہے۔ تیاری کے عمل کے ہر مرحلے میں کاٹنے، پری سیزننگ، خشک کرنے، برابر کرنے اور دوبارہ کنڈیشننگ، پروفائلنگ، میچنگ، گریڈنگ اور حتمی پیکیجنگ اور اسٹوریج کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔ اس عمل میں عام طور پر چھ ماہ لگتے ہیں۔
ڈیکنگ
ڈیکنگ ایک ایسی پروڈکٹ ہے، جو ظاہری شکل اور ساختی کارکردگی کی ضروریات دونوں کے ساتھ ہے۔ تنصیب کے دوران توجہ، ابتدائی حفاظتی کوٹنگ سسٹم اور دیکھ بھال ضروری ہے۔ یہ فرش سے مختلف ہے کیونکہ ہر ڈیکنگ بورڈ آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔ بیرونی ڈیک خرابی سے نمٹنے اور بارش کے پانی کو مؤثر طریقے سے خارج کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔
سیڑھیاں
سیڑھیاں ہر گھر کا لازمی حصہ ہوتی ہیں، جو کنکریٹ، لکڑی، اسٹیل اور شیشے جیسا مٹیریل استعمال کرکے بنائی جاتی ہیں۔ اگر سیڑھیوں کے لیے وضع قطع کا انتخاب بہترین طریقے سے کیا جائے تو یہ گھر کی شان بڑھانے کا باعث بنتی ہیں۔ لہٰذا گھر کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران سیڑھیوں کے لیے جاذب نظر ڈیزائن اور ان کی سجاوٹ پر توجہ دینی چاہیے۔
پینلنگ
لائننگ والی دیواروں یا چھتوں میں پینل استعمال ہوتے ہیں۔ پینلنگ، پلائی ووڈ یا لکڑی کے ٹکڑوں وغیرہ سے کی جا سکتی ہے۔ لکڑی کی پینلنگ کو دیوار یا چھت کی لائننگ کے طور پر یا بلٹ اِن فیچرز اور فرنیچر کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر معاملات میں آرائشی بورڈ پینلنگ (جو اندرونی طور پر استعمال ہوتی ہے) ساختی نہیں ہوگی۔
بیرونی طور پر استعمال ہونے والی آرائشی بورڈ پینلنگ اکثر مختلف موسمی حالات سے متاثر ہوتی ہے۔ استعمال کی جانے والی گلو موسم سے مزاحم ہونی چاہیے اور پلائیووڈ کے بیرونی درجے کی وضاحت ہونی چاہیے۔ ان پینلز پر حفاظتی کوٹنگ عمارت کے اندرونی حصے میں استعمال سے کہیں زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔
لکڑی کے ٹکڑوں کو افقی ، عمودی یا ترچھا بڑی سطحوں کو ڈھانپنے کے لیے رکھا جا سکتا ہے۔ انہیں کسی فریم پر کیل کی مدد سے لگایا یا کسی اور سطح پر براہ راست چپکایا جا سکتا ہے۔ فلور سسٹم میں پینلنگ کا مناسب وینٹی لیشن ہونا بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، نمی کا مواد فکسنگ سے پہلے نصب شدہ ماحول کے ساتھ توازن میں ہونا چاہیے۔ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کہ پینلنگ کے دوران سکڑنے یا پھولنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو محدود کیا جاسکے۔
دروازے اور کھڑکیاں
عمارت میں دروازے اور کھڑکیوں کے فریم اور دیگر کام تعمیراتی عمل کا لازمی جزو ہے۔ لکڑی کے علاوہ دیگر تعمیراتی مواد بھی دروازوں اور کھڑکیوں کے فریم کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ تاہم، اس کام میں لکڑی کا استعمال عمارتوں کو ایک خاص خوبصورتی عطا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کیبنٹری میں الماری، بینچ اور بلٹ اِن فرنیچر شامل ہوتے ہیں۔ دروازے اور کھڑکیوں میں استعمال ہونے والی بہت سی مصنوعات کیبنٹری میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔
بیرونی کلیڈنگ
بیرونی کلیڈنگ کے لیے بھی مختلف مواد استعمال کیے جاسکتے ہیں لیکن لکڑی کی کلیڈنگ مصنوعات کی وسیع رینج ڈیزائنرز کو بہت سے امکانات فراہم کرتی ہے۔ مثال کے طور پر ، لکڑی کی کلیڈنگ سے عمارتیں کسی بھی ماحول کے مطابق ڈیزائن کی جا سکتی ہیں اور تعمیراتی سائٹ پر لاگت بھی کم سے کم آتی ہے۔
تاہم، مناسب حفاظتی کوٹنگ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ لکڑی کی سطح کو خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔ کلیڈنگ کو عمارت کے مجموعی ڈیزائن کا لازمی حصہ سمجھا جانا چاہیے کیونکہ یہ جمالیات ، راحت اور ساختی موزونیت میں حصہ ڈال سکتی ہے۔
پرگولا
پرگولا کھلی فضا والے ماحول میں لگایا جاتا ہے، جس کے لیے قدرتی طور پر پائیدار لکڑی کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ زمین سے اوپر رکھنے کے لیے زمین کے نیچے اسٹیل بریکٹ کا استعمال کرتے ہوئے پرگولا کے ساتھ بولٹ لگانا بہتر رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ، ہلکے رنگ کی کوٹنگ سورج کی روشنی اور مختلف موسمی حالات کے انحطاط کو کم کر سکتی ہے۔