آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارتی سیکیورٹی ادارے پریشان دکھائی دیتے ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کولکتہ پولیس پاکستان اور انگلینڈ میچ کےلیے مکمل سیکیورٹی دینے سے قاصر ہے۔
کولکتہ پولیس نے کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ کالی پوجا کی وجہ سے میچ کےلیے سیکیورٹی کی فراہمی مسئلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور انگلینڈ کو 12 نومبر کو کولکتہ میں میچ کھیلنا ہے۔
صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کا کہنا ہے کہ ہمیں میچ ری شیڈول کرنے کے بارے میں باضابطہ طور پر نہیں کہا گیا۔
ادھر بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ احمد پولیس نے بھی نوراتری کی وجہ سے 15 اکتوبر کو پاک بھارت میچ میں سیکیورٹی سے معذوری ظاہر کی تھی۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ کے ادارے بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پہلے ہی ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کا کہہ چکا ہے۔
ادھر ایک بھارتی صحافی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کولکتہ پولیس نے گزشتہ روز کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) سے رابطہ کیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے آج بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے۔
بھارتی صحافی نے بتایا کہ سی اے بی نے میچ ایک روز قبل یعنی 11 اکتوبر کو کروانے کی سفارش کی ہے۔ تاہم اس سفارش پر بی سی سی آئی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔
اگر سی اے بی کی بات مان لی گئی تو میچ ایک روز قبل کردیا جائے گا۔ 11 نومبر کو ورلڈ کپ میں ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔
ذائع نے بتایا کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا تبدیل شدہ شیڈول منگل تک جاری کرے گا۔