اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے دائرہ اختیار نہ ہونے کا اعتراض کردیا۔ وکالت نامے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ، اسسٹنٹ رجسٹرار ڈائری برانچ نے درخواست پر اعتراضات عائد کیے، درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کیلئے مقرر ہونے کا امکان ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں حراست غیر قانونی قرار دی جائے اور جیل میں اے کلاس کی سہولتیں فراہمی کا حکم دیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کو چیئرمین پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کرنے اور انہیں اپنی فیملی اور وکلا سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔