کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نا درا کے مستقل اور موجودہ ایڈریس کے ڈیٹا، بجلی، گیس کے میٹرز کی تعداد کی بنیاد پر کراچی کی آبادی کسی طور پر بھی ساڑھے تین کروڑ سے کم نہیں ہے، اہل کراچی اپنی گنتی پوری نہ کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے،، پیپلز پارٹی کو معلوم ہے کہ کراچی کی آبادی جتنی زیادہ بڑھے گی، سندھ میں وڈیروں اور جاگیرداروں کی اجارہ داری اتنی ہی کم ہو گی۔ اس لیے پیپلز پارٹی نے کبھی کراچی کی اصل اور حقیقی آبادی کے لیے کسی فورم پر آواز نہیں اُٹھائی۔ ایم کیو ایم محض چند لاکھ کے اضافے اور ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو شمار نہ کرنے پر خوشیاں منا کر اسے اپنا کارنامہ قرار دے رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایم کیو ایم نے نگراں کابینہ میں چند وزارتوں اور اقتدار میں شرکت کے عوض ماضی کی طرح کراچی کی آبادی کا سودا کیا ہے۔