• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے امریکا کیلئے جاسوسی کے الزام میں اپنے شہری کو گرفتار کرلیا

چین نے اپنے ایک شہری کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

چین کی وزارتِ اسٹیٹ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ اسے اپنے بیرون ملک موجود شہریوں کی عالمی خفیہ ایجنسیوں میں بھرتی کا خطرہ ہے۔

وزارت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی شہری 'زینگ' چین میں ملٹری انڈسٹریل گروپ کیلئے کام کرتا تھا، اسے اٹلی میں سی آئی اے کے ایجنٹ نے بھرتی کیا۔

زینگ کو ملٹری انڈسٹریل گروپ کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کیلئے اٹلی بھیجا گیا تھا اور وہاں اس کی دوستی سی آئی اے ایجنٹ سے ہوگئی۔

وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ عشائیے کی دعوتوں، سیر و تفریح اور اوپیرا ساتھ جاتے جاتے ہمارے شہری اور سی آئی اے ایجنٹ کا تعلق مزید گہرا ہوگیا۔ جس کے بعد اس سے چینی فوج کے متعلق حساس معلومات لینا شروع کردی گئی۔

زینگ کا سال پیدائش 1971 ہے اور سی آئی اے ایجنٹ نے اس کا نام 'سیتھ' رکھا تھا۔

وزارت اسٹیٹ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ زینگ نے امریکا کے ساتھ جاسوسی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور چین واپس آنے سے پہلے ٹریننگ بھی لی تھی۔

چینی شہری کو جاسوسی کے بدلے بہت بڑی رقم اور فیملی سمیت امریکا ہجرت کا وعدہ کیا گیا تھا۔

چین آنے کے بعد زینگ نے متعدد اہم خفیہ معلومات امریکا کو پہنچائیں اور اس کا معاوضہ وصول کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید