• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرو نے چندریان 3 سے حاصل کردہ چاند کے قطب جنوبی کی مختلف ویڈیوز جاری کر دیں



انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے چندریان 3 سے حاصل کردہ چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر  لینڈنگ سے چند لمحے قبل اور چاند کی سطح پر لینڈر سے روور  کے اترنے کی مختلف ویڈیوز جاری کر دی گئی۔

بھارتی خلائی ایجنسی اسرو ی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں ان مختصر دورانیے کی مختلف ویڈیوز میں سے ایک میں چندریان 3 کے چاند کے قطب جنوبی سطح پر لینڈنگ کرنے سے چند لمحے قبل کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔

دیگر جاری کردہ ویڈیوز میں چندریان 3 کے لینڈر سے روور کو چاند کی سطح پر اترتے اور پھر اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارت کا کم بجٹ مشن ’چندریان 3‘

واضح رہے کہ بھارت نے انتہائی کم بجٹ میں چاند کے جنوبی قطب پر قدم رکھا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق چاند کے اس تاریکی والے حصے تک پہنچانے والے بھارتی مشن چندریان 3 کا بجٹ 75 ملین امریکی ڈالرز ہے جو کہ کئی ہالی ووڈ فلموں سے بھی کم ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چندریان 3 کا بجٹ روس کے حال ہی میں ناکام ہونے والے 200 ملین ڈالرز کے لونا 25 مشن اور چین کے پہلے کامیاب ہونے والے مشن کے 219 ملین ڈالرز کے بجٹ سے بھی کم ہے۔

چاندکے قطب جنوب کی اہمیت کیوں؟

سائنسدانوں کے مطابق چاند کے جنوبی قطب میں کافی مقدار میں پانی برف کی صورت میں موجود ہے۔

چاند پر پانی کی موجودگی کا مطلب زندگی کے آثار ہیں یعنی مستقبل میں انسان اسے ذاتی ضرورت کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔ اس سے آکسیجن اور ہائیڈروجن حاصل کی جاسکتی ہے اور راکٹ یا خلائی جہاز کے لیے فیول حاصل کرنا ممکن ہوسکتا ہے

قطب جنوبی پر اترنا مشکل کیوں ہے؟

بھارتی خلائی مشن’چندریان 3‘ کے قطب جنوبی پر اترنے سے قبل قطب جنوبی پر اترنے کی کئی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔

دراصل چاند کا قطب جنوبی، استوائی خطے سے بہت دور گڑھوں اور گہری کھائیوں سے بھرا ہوا ہے اور اسی لیے وہاں اترنا کافی مشکل ہے۔

واضح رہے کہ بھارت چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا جبکہ چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے۔

اس سے قبل امریکا، روس اور چین چاند کے خط استوا کے قریب سافٹ لینڈنگ کرچکے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید