نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے پر مبارک باد دی جس پر وزیراعظم نے تمام قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور ان کے علاقے کے مسائل سنے۔
نگراں وزیراعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنے کا اعادہ بھی کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، حکومت بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی و صنعتی شعبے کی ترقی اور روزگار کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی، حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرے گی۔
گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ اور نگراں وزیراعلیٰ علی مردان ڈومکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔