کراچی (اعظم علی / نمائندہ خصوصی) شہر قائد کراچی میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی فعال نہ ہونے کی بدولت رات کے اوقات میں شہر کی اہم شاہراہیں گزشتہ کئی ماہ سے روشنیوں سے محروم اور اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہیں جس کے بعد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں اور ٹریفک حادثات عام ہوگئے ہیں ، کراچی کی مصروف سڑک آئی آئی چندریگر روڈ پر لائٹس ایک ماہ سے بند ہیں اور رات کے اوقات میں وہاں پر تیز رفتار ہیوی ٹریفک رواں رہتا ہے ۔ راشد منہاس روڈ ، نیو ایم اے جناح روڈ، شہید ملت روڈ ، نیوٹاؤن سے ڈالمیا روڈ، کارساز روڈ ، یونیورسٹی روڈ سمیت کئی سڑکوں پر پھیلے اندھیرے اسٹریٹ کرمنلز کیلئے آسان شکار گاہ بن گئے ہیں اور حکام کی لاپروائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔ سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹس سے محرومی کی وجہ سے حادثات کا شدید خدشہ رہتا ہے کراچی کے کئی علاقوں میں رات گئے ہیوی ٹریفک رواں دواں رہتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف چھوٹی گاڑیوں بلکہ پیدل چلنے والوں کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ روشنیوں کے شہر سے اس درجہ تک دشمنی کا مظاہرہ نہ کریں اور اسٹریٹ لائٹس بحال کریں ۔ شہریوں نے حکام سے مصروف ترین کاروباری سڑک پر اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔