کراچی (بابر علی اعوان/ اسٹاف رپورٹر) سول اسپتال کراچی میں کمپیوٹرائزڈ آن لائن ایکسرے، او پی ڈی مریض کارڈ اور پیپر لیس لیبارٹری رپورٹنگ نظام متعارف کرادیا گیا ہے جس سے مریضوں کے تشخیصی ٹیسٹ محفوظ رکھے جاسکیں گے اور مختلف شعبہ جات میں معائنہ کے دوران آن لائن نظام کے تحت ڈاکٹر ان کی رپورٹس اپنے موبائل کے ذریعے بھی دیکھ سکیں گے جو مریضوں کی پریشانی کو کم کریں گے۔اسپتال میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث او پی ڈی کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ شعبہ حادثات کی تزئین و آرائش کے ساتھ سہولیات بہتر کر دی گئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید خالد بخاری نے جنگ سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کی ہدایت پر یہ تمام اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مریضوں کو کوئی پریشانی نہ ہو اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کا چارج سنبھالتے ہی بہتری کے اقدامات کیے ہیں ، کمپیوٹرائزڈ آن لائن ایکسرےاور پیپر لیس لیبارٹری سسٹم سےتمام وارڈز کے ڈاکٹروں کو اپنے کمپیوٹرز اور موبائل پر بغیر کسی رکاوٹ کے ایکسرے امیجز اور رپورٹس تک رسائی ہوسکے گی، ایمرجنسی کے مریضوں کو سی ڈیز یا موبائل پر ان کے ایکسرے اور رپورٹس کی سافٹ کاپی بھی فراہم کی جاسکے گی جبکہ او پی ڈی کارڈ سے مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کے ریکارڈ کی حفاظت ہوسکے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں 5 او پی ڈی کاؤنٹرز بڑھائے ہیں جن میں تین پر پرچیاں دی جائیں گی جبکہ 2 پر ایم آر نمبر کے ذریعے ریکارڈ نکالا جاسکے گا جس سے مریضوں کوجلدی پرچیاں ملیں گے اور انتظار کی کوفت سے بچ سکیں گے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ شعبہ حادثات کی بہتری کے لئے بھی اقدامات کیے ہیں، عملے کو بڑھایا ہے، صفائی ستھرائی کو بہتر کیا ہے ، خراب مانیٹرز اور آکسیجن پوائنٹ کو ٹھیک کرانے کے ساتھ مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔