کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے کراچی کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ صحت،ڈینگی کنٹرول پروگرام، ویکڑ بون ڈیزیز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری نوعیت کے اقدامات کریں اور یقینی بنائیں کہ لاروا پیدا کرنے والے مقامات پر اسپرے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز ڈینگی کنٹرول پروگرام افسران کیساتھ ملکر اسپرے شروع کریں۔انہوں نے شہریوں میں ڈینگی سے بچائو کا شعور اجاگر کرنے کی تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔وہ یہاں ڈپٹی کمشنر شرقی کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع شرقی میں فوری اسپرے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز محکمہ صحت اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کے افسران کے ساتھ مل کر اسپرے شروع کریں۔