آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: شریعت نے عورتوں کو مردوں کی مشابہت مثلاً بال کاٹنے سے منع کیا ہے، کیا بال چھوٹے رکھے جا سکتے ہیں۔ کندھوں تک یا اس سے تھوڑے نیچے تک، اس میں تو مردوں سے مشابہت نہیں ہو گی؟
جواب: واضح رہے کہ عورتوں کے لیے بلاعذر بال کاٹنا یا چھوٹے کراناجائز ہی نہیں، خواہ مردوں کی مشابہت لازم آئے یا نہ آئے، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں عورتوں کے لیے کندھوں تک یا اسے تھوڑا نیچے تک بال رکھنا اور اس کے علاوہ بالوں کو کٹوانا جائز نہیں، البتہ کمر کے نیچے تک بال آجائیں تو انہیں کاٹنا جائز ہے۔ ’’بہشتی زیور‘‘ میں ہے: "عورت کو سرمنڈانا بال کتروانا حرام ہے، حدیث میں لعنت آئی ہے۔" (تتمہ حصہ پنجم، بالوں کے متعلق احکام، ص:606، ط:توصیف پبلی کیشنز - غمز عیون البصائر فی شرح الاشباہ، الفن الثالث، احکام الانثیٰ، ج:3، ص:381، ط:دار الکتب العلميۃ- فتاویٰ شامی، کتاب الحظر والاباحۃ، فصل فی البيع، ج:6، ص:407، ط:سعيد)