پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم کے خلاف تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس جیت میں بولرز کی عمدہ کارکردگی اور سدرہ امین و بسمہ معروف کی نصف سنچریاں قابل ذکر ہیں۔
تین میچوں کی یہ سیریز دو۔ایک سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی ویمنز ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔
جمعرات کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 185 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان ویمنز نے سدرہ امین اور بسمہ معروف کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں ہدف 38 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان ویمنز نے اس میچ میں تین تبدیلیاں کیں۔ فاطمہ ثنا، ام ہانی اور سدرہ نواز کی جگہ عمیمہ سہیل، ڈیانا بیگ اور وحیدہ اختر کو موقع دیا گیا۔ وحیدہ اختر ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی 90ویں پاکستانی کھلاڑی بنیں۔
جنوبی افریقہ ویمنز کو اپنی اننگز کے پہلے ہی اوور میں کپتان لاورا ووفارٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جنہیں سعدیہ اقبال نے صفر پر بولڈ کردیا جس کے بعد پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں مہمان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
نیدین ڈی کلرک نے تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری ہے۔
ٹیزمین برٹس نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو اور ندا ڈار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز کی اوپنرز سدرہ امین اور صدف شمس نے 39 رنز کا آغاز دیا۔ صدف شمس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 110 رنز نے پاکستانی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔
سدرہ امین 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ بسمہ معروف نے 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے جبکہ عالیہ ریاض 4 چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔