• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کوئی بھی عمارت تعمیر کروائیں، چاہے وہ گھر ہو، دفتر یا کوئی تجارتی عمارت، اس میں سب سے بنیادی اور اہم ترین عنصر نقشہ یا فلور پلان ہوتا ہے۔ جس طرح سے کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے اس کا ایک روڈ میپ دیاجاتا ہے کہ اسے کس طرح آگے لے کر بڑھا جائے گا، اس کا لائحہ عمل کیا ہوگا، اہداف کیا ہوں گے اور انھیں کس طرح حاصل کیا جائے گا، عمارت کا نقشہ بھی اس کی تعمیر کا تفصیلی روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔

ہم سب کا خواب ہوتا ہے کہ ایک دن ہمارا اپنا گھر ہوگا، جب ہم اپنے گھر کی بات کرتے ہیں تو ہم اس کے اندر ہر چیز اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق چاہتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تعمیر شروع کرنے سے پہلے ہر چیز کے بارے میں آپ کی سوچ اور منصوبہ واضح ہونا چاہیے کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور اسے کیسے حاصل کریں گے؟ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے، جہاں نقشہ یا ’فلور پلان‘ کا کردار شروع ہوجاتا ہے۔ دراصل، اپنا خوابوں کا گھر بنانے میں فلور پلان ہی بنیادی اور اوّلین سنگ میل ہوتا ہے، جس کی تیاری ناگزیر ہوتی ہے۔

عمارت کے نقشہ کی تیاری

نقشہ عمارت یا گھر کی تعمیر کے لیے اسکیل کیا گیا ایک خاکہ ہوتا ہے، جس میں یہ واضح ہوتا ہے کہ آپ دستیاب جگہ میں کون سا کمرہ، کس کونے میں اور کیسے تعمیر کریں گے؟ اگر ہم گھر کے نقشہ کی بات کریں تو اس میں کمروں سے مراد بیڈ روم، لیونگ روم، کچن، ڈائننگ روم، اسٹور وغیرہ ہے۔ فلور پلان میں فرنیچر، گھر کے آلات اور ہر کمرے کا سائز بھی درج ہوتا ہے۔ جب یہ فلور پلان ایک کاغذ پر تیار ہوجاتا ہے تو آپ اس پر ایک نظر ڈال کر، گھر کے پورے نقشے کو اپنے ذہن میں رکھ کر تصور کرینگے تو تیار گھر کاخاکہ آپ کی آنکھوں کے سامنے اُبھر آئے گا۔آپ اپنی ضرورت کے مطابق، فلور پلان کو 2D یا 3D میں تیار کرواسکتے ہیں۔

گھر کی تعمیر کے لیے نقشہ ایک بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جسے مدِنظر رکھ کر گھر ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ گھر کی تعمیر میں، فلور پلان آپ کو ڈیزائن اور ضروریات کی مکمل اور ہر رُخ سے حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔ فلور پلان کو دیکھ کر آپ پتہ لگا سکتے ہیں کہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد، کس چیز کے لیے آپ کے پاس کتنی جگہ دستیاب ہوگی؟ فلور پلان کو دیکھ کر آپ کو یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ آپ کا گھر اندر سے کیسا دِکھے گا؟ ایلیویشن ڈرائنگ، اسٹرکچرل ڈرائنگ، بلیو پرنٹ اور تعمیر کے تمام مراحل کی بنیاد فلور پلان ہی فراہم کرتا ہے۔ یہاں تک کہ، فِنشنگ کے تمام کاموں جیسے وائرنگ، پلمبنگ، پینٹنگ اور ٹائلنگ کے لیے بھی فلور پلان ہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

ایک بار جب فلور پلان تیار ہوجاتا ہے، اس کے بعد اس کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ تیار ہوکر آنے والا نقشہ، آپ کے خوابوں کے گھر سے کس قدر قریب یا عکاس ہے۔ اس مرحلے پر آپ اگر چاہیں تو اس میں اپنے ہدف کے مطابق، مطلوبہ تبدیلیاں کروا سکتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈیزائن میں اگر بروقت تبدیلیاں کردی جائیں تو اس سے بہت سارا وقت اور توانائی بچ جاتی ہے۔ 

ایک اور اہم بات، جب آپ کو گھر فروخت کرنا ہو تو اس وقت گھر کی تصاویر دِکھانے کے بجائے، فلور پلان خریدار کو گھر کی واضح شکل پیش کرنے میں زیادہ مددگار اور معاون ثابت ہوگا۔ نقشہ، چونکہ گھر کی تعمیر کی بنیادی دستاویز ہوتی ہے، اس لیے اسے آپ کی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے بناتے وقت کئی پہلو قابلِ غور ہوتے ہیں، جن میں سے چند اہم درج ذیل ہیں:

بجٹ: فلور پلان ڈیزائن کرتے وقت بجٹ ایک ناگزیر پہلو ہے، جسے آپ کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ ہمیشہ تخمینہ کردہ بجٹ سے 20-15فیصد اضافی رقم کا بندوبست کرکے رکھیں کیونکہ دورانِ تعمیر لاگت بڑھنے سمیت کئی اَن دیکھے خرچے سامنے آجاتے ہیں۔

سائز: فلور پلان تیار کرتے وقت آپ کو گھر کے سائز کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ آپ گھر کتنی منزلوں میں بنائیں گے، کتنے کمرے، کچن اور باتھ رومز کی آپ کو ضرورت ہے؟ اپنے خاندان کی مستقبل کی ضرورت کو بھی مدنظر رکھیں، تب ہی آپ بہتر فیصلے پر پہنچ پائیں گے۔ اگر آپ خاندان بڑھانے کا منصوبہ رکھتے ہیں تو آپ کو مستقبل میں زیادہ بڑے گھر کی ضرورت ہوگی۔ ایک اور قابل غور پہلو آپ کی ’پرائیویسی‘ ہے۔ 

آپ گھر کے کچھ حصوں کو زیادہ پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں، تو اس بات کو بھی آپ کو فلور پلان پر لانا پڑے گا۔ آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آپ کے لیے ’اوپن فلور پلان‘ زیادہ موزوں رہے گا یا ’کلوزڈ فلور پلان‘؟ اوپن فلور پلان میں جگہ کا اچھا استعمال ہوتا ہے، جبکہ کلوزڈ فلور پلان میں آپ زیادہ پرائیویسی حاصل کرسکتے ہیں۔

پلاٹ کی ہئیت: گھر کی تعمیر کے لیےآپ کو پلاٹ کی ہئیت یعنی شکل کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ اپنے آرکیٹیکٹ کے ساتھ مل بیٹھیں او ر اس بات کو یقینی بنائیں کہ پلاٹ کے سائز اور ہئیت کا بہترین استعمال کیا جائے۔ بصورت دیگر، آپ کو تعمیراتی لاگت مہنگی پڑسکتی ہے۔

ماحولیاتی عناصر: فلور پلان بناتے وقت آپ کو ماحولیاتی عناصر کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ مثلاً آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کچھ کمروں کے لیے پلاٹ کا شمالی حصہ بہتر رہے گا یا جنوبی؟ اس فیصلے پر پہنچنے کے لیے آپ کو دھوپ اورہوا کے بہاؤ کے رُخ کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔ 

سورج کی روشنی سے زیادہ مستفید ہونے کے لیے آپ کو اس کے مطابق کھڑکیوں اور دروازوں کے لیے جگہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ آپ کو باہر کے ماحولیاتی شور کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا اور کوشش کرنی ہوگی کہ کمروں کو اندر کی طرف رکھیں، جہاں باہر کا شور کم سے کم پہنچتا ہو۔ اس کے علاوہ، کمروں کی ترتیب اس طرح رکھیں کہ گھر میں ایک کونے سے دوسرے کونے تک چہل پہل کرنا اور پہنچنا سہل ہو اور اس میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

نیز، اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کے لیے نقشہ سازی کے بنیادی اور ناگزیر اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آپ بہترین تعمیراتی معیارات کو یقینی بنا سکتے ہیں۔