ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ہوسکتے تھے اگر میچز بارش سے متاثر نہ ہوتے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے پاکستان کی دشمنی میں کروڑوں شائقین کا مزہ کر کرادیا۔ پاکستان کی دشمنی میں کرکٹ کو انا کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔دونوں ملکوں کے درمیان ماضی میں کرکٹ پل کا کردار ادا کرتی رہی ہے لیکن اس بار انا پر کرکٹ کو قربان کردیا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے میچوں میں اسٹیڈیم خالی ہونے کا تصور نہیں ہوتا لیکن ایشیا کپ میں روایتی حریفوں نے خالی اسٹیڈیم میں میچ کھیلے اس لئے کہ مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے مقامی لوگوں نے میچوں میں دلچسپی ہی نہیں لی۔
ایک جانب بھارت پاکستان کی دشمنی میں کرکٹ کو قربان کررہا ہے لیکن دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کی تعلقات مثالی ہیں۔ پالی کیلے میں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی خوش گپیوں میں مصروف رہے یہ مناظر گوتم گھمبیر جیسے معتصب کھلاڑی سے برداشت نہیں ہوئے۔ وہ اپنے کھلاڑیوں پر برس پڑے۔ کولمبو سری لنکا میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی روایتی انداز میں انڈین اوپنرز کی وکٹ آغاز میں ہی لینے میں تو ناکام رہے لیکن ان کی جانب سے بھارتی بولر جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر تحفہ دینے کی ویڈیو نے کئی لوگوں کے دل جیت لیے۔
یہ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں شاہین شاہ آفریدی انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو تحفہ دیتے دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ جسپریت بمراہ حال ہی میں باپ بنے ہیں اور اسی وجہ سے وہ ٹیم کو ٹورنامنٹ کے بیچ چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل انہوں نے ٹیم میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔بھارت کی بیٹنگ کے درمیان ہی ایک بار پھر بارش کی وجہ سے وفقہ ہوا تو اسی وقفے کے درمیان شاہین شاہ آفریدی ہاتھ میں ایک تحفہ لیے جسپریت بمراہ کی جانب بڑھے۔
دوسری جانب جسپریت بمراہ شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے اس ویڈیو کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیار اور امن۔ بہت بہت مبارک ہو جسپریت بمراہ۔ پورے خاندان کے لیے مبارک۔ شاہین شاہ نے یہ بھی لکھا کہ ’ہم میدان میں لڑتے ہیں لیکن میدان سے باہر ہم عام انسان ہوتے ہیں۔ پالی کیلے میں ایشیا کپ میں پاکستان بھارت کے پہلے میچ سے پہلے بھی پی سی بی کی جانب سے ریلیز کی گئی ایک ویڈیو میں کوہلی اور حارث رؤف کی ملاقات دکھائی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کی دوستانہ ماحول میں گپ شپ بھی دکھائی گئی، جو عام طور پر دونوں ملکوں کے درمیان میچ کے گرد بننے والی فضا کے بالکل برعکس ہے۔
تاہم شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے اس تحفے کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا گیا اور انڈیا سے بھی صارفین شاہین شاہ آفریدی کے گن گاتے نظر آئے۔پاکستان اور بھارت کے شائقین کرکٹ کے درمیان جہاں اپنی اپنی ٹیم کے بارے میں جذبات عروج پر ہوتے ہیں وہیں کھلاڑیوں کے درمیان ایسے لمحات کوئی نئی بات نہیں۔ سری لنکا کے شہر کینڈی میں ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹاکرے میں بارش جیت گئی ہے اور میچ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا تھا۔بھارتی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی بارش دوبارہ شروع ہونے اور گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا تاہم کھیل میں ایک گھنٹے سے زائد وقت کا ضائع ہونے کی وجہ سے پاکستانی اننگز کے لیے میچ کے کم از کم مطلوبہ اوورز کا دورانیہ نہ ہونے کے باعث میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔
کولمبو میں بھارت نے پاکستان کو228رنز سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی۔356 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان128رنز پر آوٹ ہوگیا۔ ان میچوں میں کرکٹ کے جذبات عروج پر تھے ون ڈے میچ دو دن میں مکمل ہوا۔ویرات کوہلی نے کہا کہ میں زندگی میں پہلی بار ون ڈے میچ دو دن کھیلا۔کاش جے شاہ اور ان جیسے ایڈمنسٹریٹر سمجھ سکیں ۔واقعی کرکٹ قوموں کو جوڑتی ہے اس کی کوئی حدود نہیں ہوتی۔ اگر پورا ایشیا کپ پاکستان میں ہوجاتا تو اس کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا۔ لیکن جے شاہ اور ان کی سیاسی جماعت نے کرکٹ کو قربان کردیا۔