کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیسوں میں اضافے کی تجویز کو یکسر مسترد کر تے ہوئے کہا کہ کراچی کے طلبہ و طالبات مڈل کلاس نوکری پیشہ طبقے سے تعلق رکھنے والے گھرانوں سے منسلک ہیں جن کا اس مہنگائی کے دور میں گزارا مشکل ترین ہوچکا ہے، ایسے مشکل حالات میں مزید فیسوں میں اضافے کا بوجھ طلبہ کے والدین پر ڈالنا سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہم ادارے کا معاشی بوجھ والدین پر ڈالنے کے بجائے دوسرے حل کی جانب بڑھنے کا ارادہ کریں تو کئی راستے مل جائیں گے۔ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کا کالج کا جامعہ کراچی کے ساتھ الحاق کردیا جائے اوراس کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن سے کے ایم ڈی سی کو ملنے والی گرانٹ میں اضافے کی درخواست کی جاسکتی ہے اس طریقے سے ادارے کے معاشی مسائل کسی حد تک حل کرنے میں مدد ملے گی اور طلبہ پر اضافی فیسوں کا بوجھ بھی نہیں بڑھے گا۔ علاوہ ازیں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی گورننگ باڈی کی رکن و سابق رکن اسمبلی کشور زہرا نے اس موضوع پر ہونے والی میٹنگ میں ایم کیو ایم پاکستان کا موقف پیش کیا اور کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں تعلیم بھی مڈل کلاس کی پہنچ سے دور نہ کی جائے۔