لاہور،کراچی ، اسلام آباد (جنگ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ، کراچی میں جماعت اسلامی کادھرنا ، تاجروں کی احتجاجی ریلی ، تاجر رہنماوں نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بے امنی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے نگراں حکومت کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی کٹھ پتلی قرار دے دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بارباراضافے سے گڈز ٹرانسپورٹ کا کاروبار ٹھپ ہوگیا، فیصل آباد کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ احتجاج بڑے دھرنے میں تبدیل ہوچکا ہے، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مہنگائی بڑھائی جارہی ہے اور عوام پر پٹرول بم گرایا گیا ہے۔ سارا بوجھ غریب لوگوں پر ڈالا جاتا ہے، کاکڑ صاحب یہ عوام قومی خزانے میں ماہانہ اربوں روپے جمع کراتی ہے، شوگر مافیا، آٹا مافیا آپ سے کنٹرول ہوتی نہیں، جاگیرداروں سے ٹیکس لینے میں آپ کی جان جاتی ہے،چار فیصد لوگ ملک کا چالیس فیصد رقبہ استعمال کرتے ہیں، ان پر ٹیکس معاف کئےجاتے ہیں، موٹرسائیکل چلانے والے پر ٹیکس لگتا ہے، بجلی کی قیمت پر آدھے سے زیادہ تو ٹیکس لگا دئیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیبل کے دونوں جانب آئی ایم ایف بیٹھی ہوتی ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے والے انہی کے نمائندے ہوتے ہیں، کراچی والوں نکلو اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے، اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا، کوئی خود کشی نہیں کرے گا، اب میمز نہیں بنے گی ہنسی مذاق نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت آئی ایم ایف کی کٹھ پتلی ہے، 16ماہ لٹیروں کا اتحاد پی ڈی ایم عوام کا خون چوستا رہا، نگران وزیر اعظم انہی لٹیروں سے ڈائیلاگ کرتے ہیں، کٹھ پتلی حکومت جلد الیکشن کرائے اور گھر جائے۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’منگل کو شام 5 بجے میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ سڑک پر اپنی گاڑیاں بند کردیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ کراچی میں تاجروں نے ایم اے جناح روڈ پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور امن وامان کی بد ترین صورتحال پر احتجاجی مارچ کیا، اس موقع پر روزگار بچاؤ تحریک کے رہنما محمود حامد عتیق میر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو تسلیم نہیں کریں گے، کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا، ہمارے لئے زندگی کے راستے تنگ کئے جائیں گے تو پھر ہم اشرافیہ کے لیے بھی خطرہ بن جائیں گے، بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر شریف میمن نے کہا کہ حکومت نے اگر ہمارے مطالبات پر کان نہ دھرا پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کو کم نہ کیا اور شہر کو امن و امان کا گہوارہ نہ بنایا تو تاجر ملک گیر احتجاج شروع کریں گے، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے لوگ فاقے کر رہے ہیں، تاجر دیوالیہ ہو رہے ہیں بچوں کو دودھ نہیں مل رہا، لوگ آٹے کی لائنوں میں لگ کر کچلے جا رہے ہیں مگر حکمرانوں کو کوئی احساس نہیں انہوں نے تیسری بار پیٹرول بم گرا دیا ہے۔