کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں ظالمانہ اضافے، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں، اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات اور مفت بجلی و پیٹرول ختم نہ کرنے کے خلاف منگل 19ستمبر کو شام 5بجے شہر بھر میں سڑکوں پر نکلیں، موٹر سائیکل سوار اور کار سوار اپنی گاڑیاں بند کر کے بھر پور احتجاج کریں،احتجاج کے دوران اگر کوئی ایمبولینس ہو تو اس کے گزرنے کا راستہ ضرور بنائیں، کراچی کے عوام ایسی بھر پور آواز اُٹھائیں اور احتجاج کریں کہ اس کی گونج نہ صرف اسلام آباد بلکہ عالمی سطح تک پہنچے۔ حافظ نعیم الرحمن ٰنے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ملک بھر میں جاری ہے،سراج الحق کی اپیل پر چاروں گورنر ہاؤسز پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں، کراچی میں آج شہر کے 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔