• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو فلمز کی ’’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘‘ ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز کیلئے نامزد

کراچی (جنگ نیوز) جیوفلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز کیلئے نامزد کی گئی ہے۔ پاکستانی سینما انڈسٹری کیلئے تاریخی اور فخریہ لمحہ ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری اب عالمی ہم منصبوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہورہی ہے۔ پاکستان کی معرکۃ الآرفلم کی نمائش 48 ہفتوں بعد بھی ملک بھر کے بڑے سینما گھروں میں کامیابی سے جاری ہے اور اسے بین الاقوامی سطح پر اب تک اور مسلسل پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے حال ہی میں بالی ووڈ فلم فیسٹیول ناروے میں ”ʼدی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کیلئے ”بہترین فلم ساز“ کا ایوارڈ جیتا ہے۔فلم کے مرکزی کردار مولا جٹ اور نوری نتھ کے دِل دہلا دینے والے فائنل فائٹ سین نے ٹورسٹ اسسٹنٹ ایوارڈز میں ”بہترین فائٹ“ کے زمرے میں یہ نامزدگی حاصل کی ہے اور فائٹ کے اِس اسٹنٹ کو نامور ایان وان ٹیمپرلے نے انتہائی شاندار انداز میں مربوط کیا تھا۔ یاد رہے کہ اس دوڑ میں متعدد آسکر جیتنے والی فلم ”ایوریتھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس“ اور دی گرے مین“ سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔ ”ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز“ (Taurus World Stunt Awards) ایک سالانہ تقریب ہے جو فلم انڈسٹری میں اسٹنٹ اداکاروں کی شاندار کامیابیوں کا جشن مناتی ہے اور یہ تقریب لاس اینجلس میں منعقد کی جاتی ہے۔ ایوارڈز کی اس تقریب کا آغاز 2001 میں ہوا تھا جس نے فلمی دُنیا کے اعلیٰ ترین معیارات کو اب تک برقرار رکھا ہوا ہے۔ اِن ایوارڈز کے پیچھے بصیرت رکھنے والے ریڈ بل کے بانی، ڈائیٹرک میٹسچٹز نے سینما کے گمنام ہیروز کو اعزاز دینے کیلئے ایک پلیٹ فارم کا تصور دیا۔