کراچی (بابر علی اعوان) شہر میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافے کے باعث ماہرینِ صحت نے روزہ داروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت بڑھنے اور روزے کی حالت میں پانی کی کمی کے سبب کمزوری، چکر اور ڈی ہائیڈریشن جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری افطار سے سحری تک مناسب مقدار میں پانی پئیں، تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے خصوصاً بزرگوں، بچوں اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کو تاکید کی کہ وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔