بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور اُن کے پرانے دوست، عام آدمی پارٹی کے سیاسی رہنما راگھو چڈھا شادی کے لیے اپنے خاندان سمیت بھارتی شہر اُدے پور پہنچ گئے ہیں۔
فلم ’دعوتِ عشق‘ کی ہیروئن، پرینیتی دلہن بننے کو تیار ہیں۔
پرینیتی اور راگھو چڈھا کو آج صبح ادھے پور کے ایئر پورٹ پر علیحدہ علیحدہ شادی کے لیے آتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس موقع پر ’برائیڈ ٹو بی‘ اور ’گروم ٹو بی‘ کے چہرے کھلے کھلے خوش گوار اور ایئر پورٹ انتہائی خوبصورت انداز میں سجا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، پھولوں سے سجایا گیا اور جوڑے کی دیوہیکل تصویر بھی رکھی گئی ہے۔
اس جوڑے کے شادی کے بندھن میں بندھنے میں ابھی دو دن باقی ہیں مگر شادی سے متعلق مچی ہلچل سوشل مڈیا پر تصویروں اور ویڈیوز کی شکل میں دیکھی جا سکتی ہے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریبات تاج لیک پیلس اور دی لیلا پیلس میں ہوں گی۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعا کی تقریب سے ہوا تھا جبکہ بدھ کو دعا کی تقریب کے بعد دہلی میں ایک میوزیکل صوفی نائٹ کا انعقاد بھی کیا گیا۔
پرینیتی چوپڑا کی کزن پریانکا چوپڑا بھی اس تقریب میں آئی تھیں۔
اس تقریب میں کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی مہمانوں کی فہرست میں شامل تھے۔
واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی زندگی کے بڑے دن، شادی کی تقریبات کا آغاز 24 ستمبر کو عالیشان تاج جھیل پیلس میں سہ پہر کو راگھو چڈھا کی سہرا بندی کی تقریب سے ہو گا۔
بارات 2:00 بجے دن تاج لیک پیلس سے نکلے گی۔
ذرائع کے مطابق راگھو چڈھا اپنی بارات ہوٹل لیک پیلس سے ہوٹل لیلا پیلس تک کشتی کے ذریعے لے جائیں گے۔
مرکزی تقریب جس میں پھیرے اور رخصتی شامل ہے، شام 6:30 بجے ختم ہو گی۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریبات کا آخری مرحلہ ایک شاندار استقبالیہ ہو گا جو لیلا پیلس کے صحن میں منعقد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس جوڑی کی منگنی مئی میں دہلی کے کپور تھلہ ہاؤس میں خاندان کے افراد اور دوستوں کی موجودگی میں ہوئی تھی۔