بالی ووڈ کی معروف اور نوبیاہتا اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے ہاتھوں کی مہندی بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
پرینیتی چوپڑا کی مہندی کو خصوصی توجہ حاصل ہونے کی وجہ یہ ہے کہ شادی کے موقع پر اداکارہ کے روایتی بھارتی دلہنوں کی طرح مہندی سے پورے بھرے ہوئے ہاتھ نہیں تھے بلکہ صرف ہاتھوں کے پچھلی طرف ہلکی پھلکی سی مہندی لگی نظر آئی۔
اس سے قبل گزشتہ سال جب رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی ہوئی تو عالیہ بھٹ نے بھی اپنی شادی پر اسی طرح ہلکی پھلکی سی مہندی ہی لگوائی تھی۔
واضح رہے کہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا گزشتہ روز اُدے پور میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
اس جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوا تھا، جس کے بعد صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی دوست اور خاندان کے افراد موجود تھے۔
بعد ازاں اُدے پور میں شادی سے قبل جمعے کو مہندی اور پھر ہلدی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔