ملتان میں مخصوص انجیکشن لگنے سے شوگر کے مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر مزید 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نجی اسپتالوں کو انجیکشن فراہم کرنے والے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان کا تعلق وہاڑی سے ہے، دونوں کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملتان میں نجی اسپتالوں کو ان ہی ملزمان نے انجیکشن فراہم کیے تھے۔
پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے بینائی متاثر ہونے کے اب تک 68 کیسز سامنے آ چکے ہیں، غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھ کے پردے متاثر ہوئے۔
دوسری جانب پنجاب کے نگراں وزیرِ صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ بینائی متاثر کرنے والے انجیکشن پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
نگراں وزیر برائے پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ مذکورہ انجیکشن میں 3 قسم کے جراثیم پائے گئے ہیں۔