اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں آج بروز جمعرات ’فیض آباد دھرنا‘کیس میں دائر کی گئی نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت ہو گی۔
دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا)نے بھی اس کیس میں دائر کی گئی اپنی نظرثانی کی درخواست واپس لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ اس اہم نوعیت کے مقدمہ کی سماعت کریگا۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت داخلہ، پیمرا، آئی بی ،پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور شیخ رشید وغیرہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کی جانب سے 2017 میں راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ’فیض آباد انٹر چینج‘ پر دیئے گئے دھرنا کیخلاف ازخود نوٹس کیس کے سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔