• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے رنگدار کپاس کی کاشت کا کامیاب تجربہ کر لیا‘ چیئرمین ایٹمی کمیشن

اشااسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کی طرف سے پاکستان کی ایٹمی توانائی کے شعبے میں کامیابیوں پر محیط ایک جریدہ جاری کیا گیا ہے جس میں اس بات کو اُجاگر کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 18انسداد کینسر کے ہسپتال کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ دنیا کو پاکستان نے رنگدار کپاس پیدا کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر علی رضا انور اور ویانا میں پاکستان کے سفیر نے آئی اے ای اے کی 67ویں سالانہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کو بتایا کہ پاکستان نے بڑے رقبے پر رنگدار کپاس کاشت کا پلان بنایا ہے اور پاکستان جلد رنگدار کپاس دنیا بھر میں برآمد کیا کریگا۔ ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ادارے کے تعاون سے ایٹمی توانائی کے پرامن مقاصد کیلئے فروغ دینے پر پاکستان کے کردار پر محیط ایک جریدے کی رونمائی کی۔ جنوبی کرہ ارض کے مابین نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔ تقریب میں آئی اے ای اے ٹیکنیکل کوآپریشن پروگرام کے تحت پاکستان اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مابین اشتراکی کوششوں کا احاطہ کیا گیا جن کا مقصد ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے جنوبی ممالک کے معاشی اور سماجی ترقی کا حصول ہے۔ جمہوریہ گانا کے نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر علی رضا انور نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ٹیکنیکل کوآپریشن پروگرام کا قدر دان ہے جس سے بہت سے شعبوں میں پاکستان نے ترقی کر لی ہے۔ جن شعبوں میں ترقی کی راہیں کھلیں ان میں خوراک‘ زراعت‘ توانائی‘ صحت عامہ‘ ذرائع آبپاشی اور انسانی وسائل میں ترقی شامل ہے۔ ڈاکٹر علی رضا انور نے کہا کہ پاکستان کے اس کردار کی جو تعریف کی گئی ہے وہ درحقیقت پاکستانی قوم کیلئے عزت و تکریم کا باعث ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر اور ایجنسی میں پاکستان کے مستقل مندوب آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تعاون سے پاکستان نے نیوکلیئر سائنس و ٹیکنالوجی میں کئی دہائیوں سے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید