چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو وہ سہولتیں میسر نہیں جو اٹک جیل میں تھیں، چہل قدمی کیلئے 10 فٹ کے کمرے سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکیل شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے کیسز میں اب تک کی پیش رفت سے متعلق گفتگو ہوئی۔ چئیرمین پی ٹی آئی نے عمیر نیازی سے ملاقات کروانے کا کہا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ قانونی ٹیم میں اختلافات نہیں ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق کام کر رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو آگاہ کیا کہ 8 دنوں کیلئے لندن جا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم میں دراڑ پڑنے کی خبر سامنے آئی تھی۔ وکیل شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ترجمان شعیب شاہین کو غدار کہا تھا۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں شیر افضل مروت نے شعیب شاہین کو پراسرار شخص بھی قرار دیا تھا۔